کراچی (سٹاف رپورٹر ) ایڈیشنل آئی جی کراچی ڈاکٹر امیر شیخ نے سی ویو پر شادی شدہ جوڑے کو تشدد کا نشانہ بنانے اور رشوت طلب کرنے والے پولیس افسرسمیت4پولیس اہلکاروں کو نوکری سے برطرف کردیا اور تین اہلکارگرفتار جبکہ ایک اہلکار مفرور ہے ۔ ساحل کے علاقے سی ویو پر اتوار کو اے ایس آئی سمیت 4 پولیس اہلکاروں کی جانب سے روکے جانے اور نکاح نامہ کے نام پر رشوت طلب کرنے ، تشدد کا نشانہ بنانے کے واقعہ میں ملوث 4پولیس اہلکاروں کو نوکری سے برطرف کردیا گیا ہے ۔ایس ایس پی ساؤتھ پیر محمد شاہ نے بتایا کہ واقعہ میں ملوث تین اہلکاروں اے ایس آئی ذوالفقار ،احمد خان ،قربان کو گرفتار کرلیا گیاجبکہ زاہد تاحال فرار ہے جس کی تلاش کی جارہی ہے ۔انہوں نے کہا کہ ایسا واقعہ کسی کے ساتھ بھی ہو ضرور بتائے تاکہ سخت ایکشن لیا جائے ۔ متاثرہ فیملی جب رابطہ کرے گی مقدمہ درج کر لیا جائے گا۔ ڈی آئی جی سائوتھ شرجیل کھرل نے واقعہ کا سختی سے نو ٹس لیا اور کہا کہ پولیس عوام دوست رویہ اپنائے آ ئندہ مذکورہ بالا واقعہ ہر گز برداشت نہیں کیا جائے گا۔