کراچی، لاہور ، اسلام آباد ( سٹاف رپورٹر، نمائندہ 92 نیوز، کامرس رپورٹر، نمائندہ خصوصی سے ، وقائع نگار) جامعہ کراچی نے کیماڑی میں اموات کی وجہ سویابین ڈسٹ کو قرار دیدیا، دوسری طرف سانحہ میں ہلاکتوں کی درست تعداد کا تعین نہ ہو سکا۔ جامعہ کراچی کے انٹر نیشنل سنٹر فار کیمیکل اینڈ بائیولوجیکل سائنسز نے جاں بحق افراد کے خون کے نمونوں کے ٹیسٹ کے بعد رپورٹ دی کہ جاں بحق افراد کے خون میں سویابین ڈسٹ کے اجزا پائے گئے ، متاثرہ افراد کو استھما کی دوائی دی جائے ، ذرائع کے مطابق سویابین ڈسٹ سانس کے زریعے جسم میں داخل ہوکر خون میں شامل ہوجاتا ہے اور یہ مہلک چیز ہے ، ذرائع کا کہنا ہے کہ اس طراح کا ایک واقع چند برس قبل سپین کے شہر بارسلونا میں پیش آیا تھا، جہاں سویابین ڈسٹ کی وجہ سے کئی ہلاکتیں ہوئی تھیں، رپورٹ کمشنر کراچی کے پاس جمع کرادی گئی ، جس کے بعد کراچی بندرگاہ پر لنگر انداز غیرملکی جہاز سے سویابین اتارنے کا عمل روک دیا گیا ۔ دریں اثنا محکمہ صحت سندھ نے 14افراد کے جاں بحق ہونے کی تصدیق کردی جبکہ ذرائع نے دعویٰ کیا کہ جاں بحق افراد کی تعداد 19 تک جا پہنچی ہے ۔ اطلاعات کے مطابق مجموعی طور پر 258 مریض لائے گئے ،232 مریضوں کو طبی امداد کے بعد فارغ کر دیا گیا۔26 مریض تاحال زیر علاج ہیں ۔ضلعی ہیلتھ افسر ڈاکٹر شفیق احمد کے مطابق بیشتر مریضوں کو طبی امداد کے بعد فارغ کیا جا چکا ہے ، تمام مریض سانس کی شکایت کر رہے تھے ،آکسیجن ماسک لگانے پر طبیعت میں بہتری آنے پر ڈسچارج کر دیا گیا۔ محکمہ صحت کے فوکل پرسن ڈاکٹر ظفر مہدی کے مطابق مذکورہ واقعے میں اب تک 14 افراد کی اموات ہوئی ہیں ۔ دوسری جانب ذرائع کے مطابق کیماڑی میں زہریلی گیس کے اخراج کے بعد 19 ہلاکتیں کراچی کے 7 ہسپتالوں میں ہوئی ہیں۔ پیر اور منگل کی شب شہر کے بیشتر علاقوں میں لوگوں میں اس حوالے سے بے چینی پائی گئی اولڈ سٹی ایریا میں بھی لوگوں کو سانس لینے میں شکایات رہیں نجی ٹی وی چینلز کے دو رپورٹرز عارف مہدی اور سعد سمیت 8 افراد کی حالت غیر ہوئیں جنہیں ہسپتال پہنچایا گیا اور طبی امداد دینے کے بعدفارغ کردیا گیا ۔ دریں اثنا کیماڑی میں زہریلی گیس سے ہونے والی ہلاکتوں اور آئل ٹرمینل پر عملے کے 2 افراد کی طبیعت خراب ہونے کے بعد پی ایس او اور دیگر آئل کمپنیوں نے تیل کی سپلائی روک دی ، آپریشنزبھی معطل کردیے گئے ، آئل کمپنیوں کے ذرائع کا کہنا ہے آپریشنز معطل کرنے کا فیصلہ عارضی ہے ۔ پی ایس او کے ترجمان نے کہا کراچی سمیت ملک بھر میں پٹرولیم مصنوعات کی مسلسل اور بلا تعطل فراہمی کو یقینی بنایا جارہا ہے ۔ قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف ،امیر جماعت اسلامی سراج الحق اور دیگر نے کراچی میں زہریلی گیس کے پھیلنے سے ہونے والی اموات پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔ مزید برآں کیماڑی میں زہریلی گیس کے اخراج سے انسانی جانوں کے ضیاع اور بیشتر افراد کے متاثر ہونے کے واقعے کے خلاف کیماڑی کے مکین سراپا احتجاج ہوگئے ، ٹریفک کی روانی بری طرح متاثر ہوئی، مظاہرین نے کے پی ٹی انتظامیہ سے ذمہ داروں کی برطرفی کا مطالبہ کیا ۔دریں اثنا کراچی پورٹ پرلنگراندازجہازکوپورٹ قاسم منتقل کرنیکا فیصلہ کرلیا گیا ،جہازکی بقیہ آف لوڈنگ پورٹ قاسم پرکی جائیگی،فیصلہ منگل کو کے پی ٹی ہیڈ آفس میں اعلیٰ سطح کے اجلاس میں کیا گیا،اجلاس میں وفاقی وزیربرائے بحری امورعلی زیدی،صوبائی وزیراطلاعات ناصرشاہ،کمشنرکراچی اوردیگر متعلقہ اداروں کے اعلیٰ افسران نے شرکت کی۔