کراچی (سٹاف رپورٹر)ڈیفنس میں بنگلے پر تعینات نجی سکیورٹی کمپنی کے دو گارڈز نے چینی شہری کو چھری مار کر زخمی کر دیا اور30 لاکھ روپے لوٹ لئے ۔پولیس نے چند گھنٹوں میں ہی دونوں ملزمان کو گرفتار کر کے اسلحہ اور لوٹی گئی رقم برآمد کرلی ۔ ڈیفنس فیز 6 خیابان راحت اسٹریٹ 19بنگلہ نمبر 120پر تعینات نجی سکیورٹی کمپنی کے دو گارڈز نے جمعرات و جمعہ کی درمیانی شب بنگلے کے مالک چینی شہری(شی )سے 30لاکھ روپے لوٹنے کے بعد مزاحمت پر اسے چھری مار کر زخمی کردیا اور موقع سے فرار ہو گئے ۔ اطلاع ملنے پر پولیس نے موقع پر پہنچ کر زخمی چینی شہری کو اسپتال منتقل کردیا۔ایس پی کلفٹن سہائی عزیز نے بتایا کہ ڈی آئی جی کی ہدایت پر ایک خصوصی ٹیم بنائی گئی جس نے واردات کے چند گھنٹوں بعد ہی کراچی سے فرار ہونے والے دونوں ملزمان عبدالفتاح اور عبدالغفار کو جامشورو ٹول پلازہ کے قریب سے گرفتار کر کے ان کے قبضے سے چینی شہری سے لوٹے گئے 30 لاکھ روپے ،موبائل فون،چھری اور پستول برآمد کرلیا۔