کراچی، کوئٹہ (سٹاف رپورٹرز)محمودآباد کشمیر کالونی میں مکان میں دھماکے کے بعد آگ بھڑک اٹھی، جس کے نتیجے میں باپ ، بیٹا اور دو بیٹیاں جھلس کر جاں بحق ہوگئی ، متوفی فیاض کی اہلیہ اور دو بیٹیوں کو طبی امداد دی جارہی ہے ، جاں بحق افراد کی نماز جنازہ بعد نماز عشا ادا کی گئی، میتیں تدفین کیلئے آبائی علاقے خیر پور ٹامیوالی روانہکردی گئیں ، منگل کی صبح گلی نمبر 7 میں 3 منزلہ مکان کی گراؤنڈ فلور میں اچانک آگ بھڑک اٹھی، دس روز سے گیس بند ہے اور مکین سلنڈر استعمال کر رہے تھے ۔ مکان سے 6 سالہ حمزہ، 5 سالہ ثانیہ اور ایک سالہ عمامہ کی سوختہ نعشیں نکالی گئیں، میاں بیوی اور ایک بیٹی کو شدید جھلسی حالت میں نکالا گیا، ہسپتال پہنچ کر باپ 32 سالہ فیاض بھی دم توڑ گیا۔زخمی بیوی بھی 95 فیصد جھلسی ہوئی ہے اور اس کی حالت تشویشنا ک ہے ۔ ایس ایچ او محمودآباد اعجاز پٹھان کے مطابق گھر میں گیس سلنڈر نہیں پھٹا ، سلنڈر محفوظ ہے ، آگ شارٹ سرکٹ سے لگی ، تحقیقات جاری ہے ۔ وزیر محنت و تعلیم سندھ سعید غنی متاثرہ گھر پہنچ گئے ، انہوں نے کہا ہوسکتا ہے گیس لیکج کی وجہ سے یہ واقعہ پیش آیا ہو ، سعید غنی نے کہا قریب میں فائر بریگیڈ کا آفس ہے پھر بھی تاخیر کیسے ہوئی؟ کوئٹہ میں گیس لیکج کے باعث دھماکہ میں میاں ، بیوی ، بیٹی جاں بحق ہوگئے ، ہزارہ ٹاون میں واقع بشیر ٹاون میں واقعہ پیش آیا، حبیب اللہ، بخت بی بی اور بیٹی زیبا چل بسے ۔