کراچی (سٹاف رپورٹر)کلفٹن میں زیرتعمیرعمارت کی لفٹ گرنے سے 6 مزدورجاں بحق ہوگئے ،تفصیلات کے مطابق بوٹ بیسن کے علاقے کلفٹن میں زیرتعمیرعمارت کی 11 ویں منزل پر6 مزدور رسیوں سے بندھی لفٹ کے ذریعے بیرونی شیشہ لگارہے تھے کہ رسی ٹوٹنے سے لفٹ زمین پرگرگئی جسکے نتیجے میں 6 افراد شدید زخمی ہوگئے ،پولیس اورامدادی ٹیموں نے زخمیوں کو جناح اورسول اسپتال منتقل کیا جہاں چند لمحوں میں تمام مزدوروں نے دم توڑدیا،پولیس نے بتایا کہ ہسپتال میں جاں بحق ہونے والوں کی شناخت 30سالہ عبدالرحمن ولد اسرار، 20 سالہ محمد اسد ولد سلیم الدین،32 سالہ فیصل ولد اسلام خان،30 سالہ ریاض خان ولد دلاورخان،30 سالہ ناصر ولد شمشاد اور 30سالہ مصیب ولد حسن کے نام سے ہوئی،جاں بحق مزدورنجی کمپنی کے ملازم اورانکا تعلق ماڑی پوراورشیریں جناح کالونی سے تھا،پولیس نے بتایا کہ زیرتعمیرعمارت میں شیشہ لگانے کاٹھیکا مقامی کمپنی کے پاس تھا،مزدوروں کو کمپنی کی جانب سے حفاظتی بیلٹ،ہیلمٹ یا دیگرسامان نہیں دیا گیا تھا جبکہ لفٹ کی رسیاں بھی پرانی تھیں،واقعے کا مقدمہ سرکارکی مدعیت میں غفلت ولاپروائی کی دفعات کے تحت درج کیا جائیگا۔پولیس نے قانونی کارروائی کے بعد لاشیں ورثائکے حوالے کردیں۔علاوہ ازیں متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کی رابطہ کمیٹی نے حادثے پرگہرے دکھ اورافسوس کا اظہارکرتے ہوئے ایک بیان میں کہا کہ مزدوروں کی ہلاکت کسی سانحہ سے کم نہیں،سندھ حکو مت لواحقین کیلئے معاوضے کا اعلان کرے ،انہوں نے لواحقین سے دلی تعزیت اورہمدردی کا اظہارکرتے ہوئے انہیں صبرکی تلقین اورمزدوروں کی مغفرت کیلئے دعا کی۔