اسلام آباد(خبر نگار)چیف جسٹس میاں ثاقب نثار نے کراچی میں فائرنگ سے 10سالہ بچی ایمل کے جاں بحق ہونے کا از خودنوٹس لے لیا ہے اور ایڈووکیٹ جنرل سندھ، سیکرٹری صحت ، آئی جی سندھ اورنیشنل میڈیکل سنٹر کی انتظامیہ کو طلب کرتے ہوئے کیس 25ستمبر کو سماعت کے مقررکردیا ہے ۔ ترجمان سپریم کورٹ کے اعلامیہ کے مطابق چیف جسٹس نے میڈیا رپورٹس پر ازخود نوٹس لیا ہے جن میں کہا گیا تھا کہ دس سالہ بچی ایمل اپنے والدین کے ساتھ جارہی تھی کہ ٹریفک اشارے پر رہزن ایک خاندان کو لوٹ رہے تھے کہ فائرنگ کے تبادلہ میں ایک گولی بچی کے سر میں لگی ، جب بچی کو نشنل ہیلتھ سنٹر لے جایا گیا تو ڈاکٹرزنے انہیں ابتدائی طبی امداد دینے کی بجائے جناح ہسپتال یا آغاخان ہسپتال لے کر جانے کا کہہ دیا تھا۔