کراچی،لاہور(سٹاف رپورٹر ،92نیوزرپورٹ ، اپنے سٹاف رپورٹر سے ) کراچی شہر کے مختلف علاقوں میں ایک بار پھر موسلا دھار بارش ہوئی جس کے باعث نشیبی علاقوں ، سڑ کوں پرمزید پانی جمع اور عوام کی مشکلات میں اضافہ ہو گیا ،پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ(آئی ایس پی آر)کے مطابق پاک فوج کی ٹیمیں انتظامیہ کے ساتھ متاثرہ علاقوں میں امدادی کاموں میں مصروف ہیں اور نشیبی علاقوں سے نکاسی آب کا کام بھی جاری ہے ۔تفصیلات کے مطابق کراچی کے اکثر علاقوں میں موسلا دھار بارش ہوئی جس سے نشیبی علاقوں اور سڑکوں میں مزید پانی جمع ہو گیا ،کل کا پانی ابھی نکالا نہیں گیا تھا کہ اور جمع ہو گیا جس سے نظام زندگی مفلوج ہو گیا ،کورنگی ندی میں طغیانی آگئی جس سے کاز وے روڈ پانی میں ڈوب گیا اور سڑک پر ٹریفک جام ہو گئی ،جگہ جگہ گڑھوں کے باعث حادثات پیش آنے لگے ،کئی گاڑیاں،موٹرسائیکلیں پانی میں بند ہو گئیں ،پاک فوج اور سندھ رینجرز اہلکار کراچی میں بارش کے بعد مشکلات کا شکار افراد کی مدد میں مصروف رہے ،ترجمان کے مطابق رینجرز اہلکار ٹریفک کی بحالی میں بھی پولیس کی مدد کر رہے ہیں ،دھابیجی میں بجلی بریک ڈائون سے پانی کی 72انچ قطرکی پائپ لائن پھٹ گئی۔بارش کے بعد شہرمیں 600سے زائدفیڈرٹرپ کر گئے جس سے کئی علاقوں میں بجلی بندہوگئی ۔ محکمہ موسمیات کے مطابق گزشتہ روزسندھ ،بالائی خیبر پختونخوا، قلات ، گلگت بلتستان اورکشمیر میں بارش ہوئی ،آج زیریں سندھ اورشمال مشرقی بلوچستان ،لاہور میں بارش کا امکان ہے ۔ محکمہ موسمیات نے کراچی سمیت سندھ میں بارسات کے 2 سسٹم ملنے پرشدید بارشوں کا امکان ظاہرکردیا،بارشوں کا سلسلہ 25 اگست تک جاری رہ سکتا ہے ۔ کراچی (سٹاف رپورٹر ،مانیٹرنگ ڈیسک )کراچی سے متعلق وفاق و سندھ حکومت کی رابطہ کمیٹی کا اجلاس ہوا جس میں نالوں سے تجاوزات ہٹانے کا اعلان کیا گیا ،پہلے مرحلے میں کل سے نالوں کے اطراف غیررہائشی تجارتی عمارتوں ،دوسرے مرحلے میں رہائشی عمارتوں میں مقیم افراد کومتبادل مقامات پرمنتقلی کے بعد تجاوزات ہٹانے کی کارروائی شروع ہوگی،اجلاس میں وفاق کے منصوبوں پر کام کی رفتار کو تیز کرنے پر زور دیا گیا ۔وزیراعلیٰ ہاؤس سندھ میں وفاقی اور صوبائی وزرا پر مشتمل رابطہ کمیٹی کا اجلاس ہوا جس میں اسد عمر، علی زیدی ، امین الحق، وزیراعلیٰ مراد علی شاہ، سعید غنی اور ناصر شاہ شریک ہوئے ۔اجلاس میں کراچی سمیت سندھ بھر کے ترقیاتی منصوبوں، کراچی میں بارشوں سے پیدا صورتحال، مستقبل میں نالوں کی صفائی کے علاوہ دیگر امور پر بات کی گئی۔ سندھ کے وزیراطلاعات سید ناصرحسین شاہ نے تصدیق کی رابطہ کمیٹی کے اجلاس میں کراچی کے نالوں کی صفائی اورنالوں کی صفائی کیلئے تجاوزرات ہٹانے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔ اسد عمر اور علی زیدی نے تحریک انصاف کے اراکین قومی و صوبائی اسمبلی سے ملاقات کی اورکمیٹی کے اقدامات کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا۔ اس موقع پر اسد عمر کا کہنا تھا کہ ہمارا اصل مقصد کراچی کے عوام کیلئے کام کرنا ہے بجائے اسکے کہ کام کرنے کا سہرا کس کے سر جاتا ہے ، کراچی میں اس وقت بے تحاشہ مسائل موجود ہیں اور ان کے حل کے لئے وفاقی حکومت سنجیدہ اقدامات اٹھارہی ہے ، پاکستان کی ترقی کراچی کی ترقی سے ہی ممکن ہے ۔ علی زیدی کا کہنا تھا کہ کراچی شہر کے ساتھ ہمیشہ سیاست کی گئی ، سندھ حکومت نے دعوئوں اور وعدوں سے بڑھ کر کوئی کام نہیں کیا جبکہ اسد عمر نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کراچی کے 3 بڑے نالوں گجرنالہ، ملیر اور لیاری نالے پر تجاوزات ختم کرنے کا کام کل سے شروع ہوجائے گا۔