کراچی(سٹاف رپورٹر)پاک سرزمین پارٹی کے چیئرمین سید مصطفیٰ کمال نے کہا کہ کراچی پاکستان کی معاشی شہہ رگ ہے ۔حکمراں وں کے ناقص فیصلوں کے سبب عوام مہنگائی کے طوفان میں گھرچکے ہیں ، ڈالراورروپے کی جنگ میں ہماری معیشت کو تباہ کیا جارہا ہے ۔ان خیالات کا اظہارانہوں نے سندھ کونسل کے سیکریٹری ہمایوں عثمان راجپوت اورپاک سرزمین پارٹی کے ڈسٹرکٹ سائوتھ کی جانب سے ریلوے گرائونڈ میں دعوت افطارکے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ یہ صرف الزامات لگانے کی سیاست کررہے ہیں اورسابقہ حکمرانوں پرتمام خرابیوں کا ملبہ ڈال رہے ہیں لیکن ووٹ لیتے وقت عوام سے وعدہ کیا گیا تھا کہ 200 ارب ڈالرلائیں گے 100 ارب سے قرضہ اتاریں گے اور100 ارب عوام پرلگائیں گے لیکن اس کے برعکس نہ ایک ڈالرآیا ہے نہ آئے گا مگرغلط لائحہ عمل کی وجہ سے جو ڈالرملک میں موجود تھا وہ بھی تیزی سے باہر جانے لگا۔انہوں نے کہا کہ حکومت صرف بہانے بازی کرنے اور پچھلے لوگوں کو دھونے کے علاوہ کچھ نہیں کررہی ہیں انہوں نے کہا کہ تمہارے پاس شہر کے بنیادی مسائل حل کرنے کیا کوئی مسئلہ نہیں لیکن تم کرنا ہی نہیں چاہتے تھے ۔