کراچی(سٹاف رپورٹر)پرانی سبزی پرواقع تفریحی پارک میں حال ہی میں افتتاح ہونے والے امیوزمنٹ پارک میں لگائے جانے والانیاجھولادوران تفریح جس پرکئی افرادسوارتھے ، حادثے کا شکارہوگیا،تفریح کیلئے آئے لوگوں نے حادثے کوپارک انتظامیہ کی غفلت اورلاپروائی قراردیتے ہوئے کہاکہ انتظامیہ کی وجہ سے جھولاگرا،جائے حادثہ پر بھگدڑ مچ جانے کی وجہ سے بھی کچھ لوگ زخمی ہوئے ،حادثے میں ایک بچی جاں بحق جبکہ10افرادزخمی ہوگئے ،جاں بحق بچی کی شناخت12 سالہ کشف دخترعبدالصمدکے نام سے ہوئی،بچی کی لاش سول ہسپتال منتقل کردی گئی،زخمیوں کوفوری طورپرسول اور قریب واقع ایک نجی ہسپتال منتقل کیاگیا۔نگراں وزیراعلیٰ،آئی جی سندھ،میئر کراچی نے حادثے کانوٹس لے لیا،نگران وزیراعلیٰ فضل الرحمٰن نے فوری طور پر پارک بندکرنے کا اعلان کردیااور کمشنرکراچی کوہدایت کی کہ انہیں 3روز میں تفصیلی رپورٹ دی جائے ۔رپورٹ کی روشنی میں حادثے کے ذمے داران کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔دوسری جانب پولیس اوررینجر نے جائے وقوعہ کا کنٹرول سنبھال کر گرنے والے جھولے کو ہٹانے کیلئے کرین طلب کرلی اورپارک کو عام لوگوں کیلئے بند کردیاگیا۔