کراچی(کامرس رپورٹر)کراچی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر آغا شہاب احمد خان نے سندھ حکومت پر زور دیا ہے کہ ترجیحی بنیادوں پر فنڈز جاری کرنے کے ساتھ ساتھ متعلقہ محکموں کو واضع احکامات جاری کئے جائیں کہ شہر بھر کی تمام ٹوٹی پھوٹی اور خستہ حال سڑکوں مرمت، تعمیر نو اور پیوندکاری کے کام کا آغاز فوری طور پر کیا جائے جن کی حالت حالیہ موسلادھار بارشوں کی وجہ انتہائی خراب ہے ۔ایک بیان میں انھوں نے کہا کہ شہر بھر میں بے پناہ کچرے کے انبار سے نمٹنے کے حوالے سے حکومت کافی کوششیں کر تو رہی ہے اور صورتحال میں آہستہ آہستہ بہتری بھی نظر آرہی ہے تاہم انہیں کراچی کی سڑکوں کے انفراسٹرکچر کی خستہ حالی پر بھی اُتنی ہی توجہ دینی ہوگی کیونکہ وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ کراچی کی سڑکوں پر سفر کرنا بد سے بدتر ہوتا جارہا ہے جبکہ شہر کے تمام ہی صنعتی زونز بالخصوص سائٹ کے علاقے میں صورتحال بدترین ہوچکی ہے ۔