کراچی (سٹاف رپورٹر) پی پی رہنما تیمورتالپورکی کھلی کچہری میں سادہ لباس محافظوں کی جانب سے اسلحہ کی نمائش پرآئی جی سندھ نے نوٹس لیتے ہو ئے کراچی پولیس چیف سے رپورٹ طلب کرلی،آئی جی سندھ اپنے احکام میں کہا کہ واقعے کی انکوائری کرکے فوری قانونی کارروائی کی جائے ،دوسری جانب پی ٹی آئی رہنما حلیم عادل شیخ نے کالاپل پرکھلی کچہری میں اسلحہ کی نمائش پرپی پی رہنما کیخلاف کارروائی کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ تیمورتالپوراس عمل سے خوف و ہراس پھیلانا چاہتے تھے انہوں نے پابندی کی دھجیاں اڑائیں،پولیس و متعلقہ ادارے ان کیخلاف کارروائی کریں دریں اثنا عمرکوٹ میں ہونے والے ضمنی انتخاب میں امن وامان کے لیے غیرجانبدارانہ اقدامات کے پیش نظر آئی جی سندھ کلیم امام نے ایس ایس پی عمر کوٹ کی تبدیلی کے لیئے الیکشن کمیشن کو خط لکھ دیاہے ۔ذرائع کے مطابق ایس ایس پی عمر کوٹ اعجاز شیخ سے آئی جی سندھ نا خوش ہیں اور آئندہ ماہ عمر کوٹ میں ضمنی انتخاب کی سکیورٹی کے حوالے سے فکر مند بھی ہیں۔خط میں آئی جی سندھ نے موقف اپنایا کہ عمر کوٹ میں ضمنی انتخاب سے قبل ڈپٹی کمشنر اور ایس ایس پی تبدیل کئے جائیں۔