لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک) سابق وزیر داخلہ جنرل (ر) معین الدین حیدر نے کہا ہے کہ کراچی میں رینجرز اورقانون نافذ کرنے والے اداروں نے اچھا کام کیا اور کراچی میں امن ہوا،ہم بہت کچھ حاصل کرچکے ہیں اور عنقریب صورتحال پر قابو پالیا جائے گا، پی ٹی آئی نے ابھی تک کراچی میں اچھی طرح سے جڑیں نہیں پھیلائی ہیں۔پروگرام زیربحث میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا ن لیگ اورپی پی کرائسس میں نہیں بلکہ قیادت مشکل میں ہے ، اگر پی ٹی آئی ڈیلیو ر کرے تو اس کی جڑیں کراچی میں مضبوط ہونگی۔ ترجمان پنجاب حکومت ڈاکٹر شہبازگل نے کہا یہ بات درست ہے کہ پنجاب میں لوگوں کو پہلے والی سپیڈ نظر نہیں آرہی کیونکہ ماضی میں وہ سپیڈ صرف اورصرف ذاتی مفادات کیلئے کی جاتی تھی جس میں عوام کا کوئی فائدہ نہیں ہوتا تھا،پنجاب میں عوام کو بڑی تبدیلی نظر آئے گی۔ماہر معاشیات اور سابق وفاقی وزیر ڈاکٹر حفیظ پاشانے کہا ایک بات تو بالکل واضح ہوچکی ہے کہ شاید آنے سے پہلے پی ٹی آئی نے پوری تیاری نہیں کی تھی جو اب انہوں نے کی ہے ، کبھی وہ ہاں کہتے ہیں اورکبھی ناں کہتے ہیں جس سے بے یقینی کی صورتحال پیدا ہوئی، حکومت نے ترقیاتی اخراجات کو تیزی سے کم کیا جس سے بے روزگاری میں اضافہ ہوگا اوراندازہ ہے کہ پانچ لا کھ کے قریب لوگ بے روزگارہوجائیں گے ۔تجزیہ کار ارشاد محمود نے کہا مجھے لگتا ہے کہ پنجاب کی حکومت ماضی کی حکومتوں کی طرح ٹیک آف نہیں کرسکی، خاص طور پر شہبازشریف بڑے ایکٹو وزیراعلیٰ تھے جبکہ عثمان بزدار ویسے نہیں ، تحریک انصاف کو تجربہ بھی نہیں، اس لئے شاید مشکلات آئی ہیں ۔انہوں نے کہا پیپلزپارٹی سندھ کی حد تک احتجاج کی کوشش کرے گی۔