کراچی ( سٹاف رپورٹر)کراچی میں ڈکیتی مزاحمت پر پاک فوج کے میجرکو قتل کردیا گیا۔عید الفطر کے دوسرے روز آرام باغ کے علاقے ایم اے جناح روڈ نزد لپسندمیٹھائی والے کے قریب موٹرسائیکل سوار ملزمان نے موٹرسائیکل پر سوار ایک شہری کو روک کر لوٹنے کی کوشش کی جس پر شہری اور ملزمان گتھم گتھا ہوگئے ۔اس دوران ملزمان نے فائرنگ کرکے شہری کو قتل کردیا اور فرار ہوگئے ۔ اطلاع پر پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی اور جائے وقوعہ سے مقتول کی موٹرسائیکل اور اسلحہ اپنی تحویل میں لے لیا ۔ایس ایچ اوصغیر مغیری نے بتایاکہ ہسپتال میں مقتول کی شناخت 35سالہ ثاقب اقبال ولد محمد اقبال کے نام سے ہوئی جو پاک آرمی میں میجر اور ملیر کینٹ کے رہائشی تھے ۔ انھوں نے بتایا کہ ابتدائی تفتیش میں مذکورہ واقعہ ڈکیتی مزاحمت معلوم ہوا ہے کہ مقتول نے ہاتھا پائی کی اس دوران ملزموں نے میجر ثاقب کے سر پر گولی مار کر قتل کر دیا۔ تاہم پولیس و دیگر اداروں نے تفتیش شروع کردی ۔ پولیس نے قانونی کارروائی کے بعد لاش ورثائکے حوالے کردی اورواقعے کا مقدمہ مقتول کے بھائی کی مدعیت میں قتل اور انسداد دہشتگردی ایکٹ کے تحت درج کرلیا ۔