لاہور(سپورٹس رپورٹر) پاکستان کرکٹ بورڈ نے سندھ حکومت کی درخواست پر حنیف محمد ہائی پرفارمنس سنٹر کراچی کو پیرا میڈیکل سٹاف کیلئے عارضی قیام گاہ بنادیا ہے جہاں ایکسپو سنٹر کراچی میں قائم عارضی ہسپتال میں ذمہ داریاں نبھانے والا پیرا میڈیکل سٹاف قیام کرے گا۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیف آپریٹنگ آفیسر سلمان نصیرنے کہا ہے کہ اس مشکل صورتحال میں اپنے فرائض منصبی ادا کرنے والے پیرا میڈیکل سٹاف ہمارے ہیروز ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس شعبہ میں شامل تمام افراد اپنی جان جوکھوں میں ڈال کر کرونا وائرس کے مرض میں مبتلا شہریوں کی دیکھ بھال کررہے ہیں۔سلمان نصیر کا کہنا ہے کہ پی سی بی ان گمنام ہیروز کو خراج تحسین پیش کرتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پی سی بی ایک ذمہ دار ادارے کی حیثیت سے اپنے سٹیٹ آف دی آرٹ حنیف محمدہائی پرفارمنس سنٹر کراچی کو عارضی قیام گاہ میں بدل رہا ہے تاکہ ایکسپو سنٹر کراچی میں قائم عارضی ہسپتال میں ذمہ داریاں نبھانے والاپیرا میڈیکل سٹاف رہائش کی پریشانی سے آزاد ہو کر مزید جاں فشانی کے ساتھ فرائض انجام دے سکے ۔