کراچی ( سٹاف رپورٹر ) سندھ ہائی کورٹ نے کراچی کے لیاری جنرل ہسپتال میں خواتین سٹاف کو ہراساں کرنے پرصوبائی محتسب اعلی کو ایک ماہ میں فیصلہ کرنے کا حکم دیا ہے ۔ جمعہ کو عدالت عالیہ میں سماعت کے دوران نرسیں رو پڑیں اور بتایا کہ ایم ایس انورپلاری اور ڈپٹی ایم ایس شکیل احمد نے جینا حرام کردیا ہے ،دونوں غیر اخلاقی سرگرمیوں میں ملوث ہیں۔ عدالت عالیہ نے ایم ایس پر شدید برہمی کااظہار کیا اورریمارکس دیئے کہ کوئی شرم و حیا نہیں، کیا خواتین یوں ہی جھوٹا الزام لگا رہی ہیں؟ آئندہ ہراساں کیا تو سیدھی ایف آئی آر درج ہوگی،کام کی جگہ پر ہراساں کرنے کا قانون بن چکاہے ۔ ایم ایس کے وکیل نے کہا کہ معاملہ محتسب اعلی کے پاس زیر سماعت ہے ، فیصلے کا انتظار کر لیا جائے ۔ جس پر عدالت نے ایک ماہ میں فیصلہ کرنے کا حکم دے دیا ۔