کراچی(رپورٹ:کاشف ہاشمی)آرام باغ میں میجرثاقب اقبال قتل کی تفتیش میں تاحال پیش رفت نہ ہوسکی، جیوفینسنگ کا کام مکمل کرلیا گیا جبکہ پولیس کا کہنا ہے کہ جائے وقوع سے ملنے والے خول کی فرانزک رپورٹ آج ملنے کا امکان ہے ، حساس اداروں، ڈسٹرکٹ سائوتھ، سی ٹی ڈی اور ایس آئی یو( سی آئی اے )کی جانب سے تفتیش جاری ہے ، تحقیقاتی اداروں کو شبہ ہے کہ جائے وقوع کے قریبی علاقے سے ملزم کا تعلق ہے جو واردات کرنے پیدل آیا تھا اور پیدل ہی فرار ہوا۔ تفتیشی افسران کا کہنا ہے کہ ابھی تک ایسی کوئی شہادت نہیں ملی کہ ملزم موٹرسائیکل پر فرار ہواتھا۔ آرام باغ کے ایس ایچ او صغیر مغیری نے بتایا کہ جیو فینسنگ کا کام مکمل کرلیا، چند مشکوک نمبرز کی جانچ کی جارہی ہے ۔ ایک سوال کے جواب میں ایس ایچ او نے بتایا کہ واقعے کے تیسرے روز برنس روڈ پر مقابلے میں مارے جانے والے ڈکیت عمیر مقصود کی میجر ثاقب اقبال قتل کیس سے کڑی نہیں ملی، اس مقابلے کی تفتیش قائد آباد تھانے کا انویسٹی گیشن افسر کررہا ہے ،اداروں کے چند افسران کو شبہ ہے کہ اس واردات میں لیاری گینگ وار کے کارندے بھی ملوث ہوسکتے ہیں۔