کراچی (سٹاف رپورٹر) تحریک انصاف کے رکن سندھ اسمبلی ارسلان تاج نے عوام کی سہولت کے پیش نظر منڈی کی قیمت پر ٹماٹر بیچنے کے لئے سٹال قائم کردیا۔ ارسلان تاج کی جانب سے پی ایس 102کے علاقے بسیرا چوک پر قائم سٹال پر سستے داموں ٹماٹر خریدنے کے لئے پورے دن عوام کا رش رہا۔ ارسلان تاج کا کہنا تھا کہ حکومت سندھ، کمشنر کراچی اور پرائس کنٹرول ٹیم کی نا اہلی کے باعث عوام دگنے داموں اشیاء خریدنے پر مجبور ہیں۔ جو ٹماٹر منڈی میں 180روپے کلو مل رہا ہے وہی رہائشی علاقوں میں 350روپے تک بیچا جارہا ہے ۔ کمشنر کراچی کی جانب سے جاری کردہ پرائس لسٹ پر کہیں عمل در آمد نہیں ہورہا۔پیپلز پارٹی کی سندھ حکومت شہر میں مہنگائی کا طوفان کھڑا کر کے سارا ملبہ وفاقی حکومت پر ڈالنا چاہتی ہے ۔