کراچی (خصوصی رپورٹ ) کراچی شپ یارڈ میں پاک بحریہ کیلئے تعمیر کئے جانے والے پشر ٹگز کی سٹیل کٹنگ کی تقریب ہوئی۔ کمانڈر کوسٹ وائس ایڈمرل فیاض جیلانی مہمان خصوصی تھے ۔ اس ٹگ کی مجموعی لمبائی ۲۱ میٹر جبکہ ہٹائو۲۵۵ ٹن ہے ۔ اس کی حد رفتار ۱۰ ناٹس ہے جبکہ اس میں دو ڈیزل انجن لگے ہیں۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مہمان خصوصی نے کہا بلا شبہ یہ منصوبہ وزارت دفاعی پیداوار کا خود انحصاری کی پالیسی کی طرف ٹھوس قدم ہے ۔ انہوں نے پاک بحریہ اور کراچی شپ یارڈ کی جہاز سازی میں خود انحصاری کے حصول کیلئے گرا نقدر کاوشوں کو سراہا۔ انہوں نے ماہی گیری کی صنعت پر خصوصی روشنی ڈالتے ہوئے کہا کراچی شپ یارڈ میں ماہی گیری کیلئے جدید فشنگ ٹرالرزاور بوٹس تعمیر کرنے کی بھر پور صلاحیت موجود ہے اور صوبائی حکومتوں پر زور دیا کہ ملک کے واحد جہاز سازی کے ادارے کی خدمات حاصل کرتے ہوئے اس شعبہ کو ترقی دیں۔ اس موقع پر ریئر ایڈمرل اطہر سلیم مینجنگ ڈائریکٹرکراچی شپ یارڈ نے اپنے استقبالیہ خطاب میں پاک بحریہ اور وزارت دفاعی پیداوار کے مسلسل تعاون کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے شپ یارڈ کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے یہ یقین دلایا کہ قومی اہمیت کے حامل یہ منصوبے عالمی معیار کے مطابق بروقت پایہ تکمیل تک پہنچائے جائیں گے ۔