کراچی(سٹاف رپورٹر) انسداد دہشت گردی عدالتوں کے منتظم جج نے انڈین خفیہ ایجنسی ’را‘ سلیپر سیل کے مبینہ رکن ظفر سمیت تین ملزمان کو جسمانی ریمانڈ پر ایف آئی اے کی تحویل میں دے دیا۔ بدھ کو ایف آئی اے نے گرفتارملزم ظفر ،جاوید اور سفیان کو عدالت میں پیش کیا۔ایف آئی اے حکام نے عدالت کو بتایا کہ ملزم ظفر بم دھماکوں اور ٹارگٹ کلنگ میں ملوث ہے ،گرفتار ملزم ظفر نے بھارت میں 14 ماہ دہشت گردی کی ٹریننگ لی،ملزمان کا تعلق دہلی میں محمود صدیقی گروپ سے ہے ، ملزم ظفر کا تعلق ایم کیوایم لندن سے ہے ۔حوالہ ہنڈی کے بین الاقوامی خفیہ نیٹ ورک کا بھی پردہ چاک کیا ۔ سلیپر سیل کو فنڈز فراہم کرنے والے منی ایکسچینج کمپنی کے دو ملزمان بھی گرفتار کر لیے گئے ،ملزم سفیان منی ایکسچینج کمپنی کا ڈائریکٹر اور جاوید میمن مینجر ہیں۔ حوالہ ہنڈی کے ذریعے ملک دشمن عناصر کو رقم فراہم کی جا رہی تھی ۔ملزمان کے دیگر ساتھیوں کی تفصیلات ملک کے تمام ایئرپورٹس پر فراہم کردی گئی ہیں۔ملزمان کے قبضے سے اسلحہ لیپ ٹاپ اور موبائل فون بھی برآمد ہوئے ۔