کراچی (خصوصی رپورٹ) پاک بحریہ کی آپریشنل مشق ’رباط2019 ‘کا اختتامی اجلاس پاکستان نیوی ٹیکٹیکل سکول کراچی میں ہوا۔ وائس چیف آف نیول سٹاف وائس ایڈمرل کلیم شوکت نے تقریب میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ وائس ایڈمرل کلیم شوکت نے پاک بحریہ کے لڑاکا یونٹس کی تیاریوں پر اطمینان کا اظہار کیا اورکہا مشترکہ آپریشنل مشقیں عصر حاضر کی جدید جنگوں کا مظہر ہیں اور دفاع ِوطنکیلئے ضروری پیشہ ورانہ تربیت اور دفاعی تیاری کیلئے اہم ہیں۔ اس موقع پر مہمان خصوصی نے ملک کی سمندری حدود کے دفاع کیلئے افسران و جوانوں کے حوصلے ، تیاری کے درجے اورعزم کی تعریف کی۔ انہوں نے کہا پاکستان امن پسند ملک ہے اورخطے میں امن و خوشحالی چاہتا ہے ۔ تاہم کسی بھی جارحیت یا حملے کا بھر پور جواب دیا جائے گا۔ پاک بحریہ دشمن کی کسی بھی جارحیت کا جواب دینے کیلئے مکمل تیار ہے ۔ انہوں نے شمالی بحیرہ عرب میں جنگی منصوبوں کا عملی مظاہرہ پیش کرنے والے مشق کے شرکا کی کاوشوں کو سراہا۔ رباط مشقوں کا مقصد روایتی اور گرے ہائبرڈ جنگوں سے لاحق کثیر جہتی خطرات کے زیر سایہ پاک بحریہ کی جنگی صلاحیتوں کو موثربنانا تھا۔ اس ضمن میں ’رباط 2019 ‘مشق کی خصوصی توجہ پاک فضائیہ کے شانہ بشانہ پاک بحریہ کے جنگی منصوبوں کا عملی مظاہرہ پیش کرنا تھا تاکہ دونوں فورسز کے مابین اعلیٰ درجے کی ہم آہنگی پیدا کی جائے ۔