اسلام آباد(سپیشل رپورٹر) قومی اسمبلی کوبتایا گیاہے کہ کے الیکٹرک کے صارفین کیلئے بجلی کے نرخ باقی ملک کے مقابلے میں سب سے کم ہیں، بجلی کے ترسیلی نظام کو بہتر بنایا جا رہا ہے ، موجودہ حکومت نے ترسیلی نظام کی صلاحیت میں 5303 میگاواٹ کا اضافہ کیا۔ بدھ کو قومی اسمبلی میں وقفہ سوالات کے دوران شاہدہ رحمانی اور دیگر ارکان کے سوالوں کے جواب میں وفاقی وزیر توانائی عمر ایوب خان نے ایوان کوبتایا کہ کے الیکٹرک کا ٹیرف پاکستان کے قومی ٹیرف سے ساڑھے 3 روپے کم ہے ، اس کو معقول بنایا جا ئیگا۔ انہوں نے بتایا کہ کے الیکٹرک نے گرڈ سسٹم پر سرمایہ کاری نہیں کی جس کی وجہ سے کراچی کو اضافی بجلی کی فراہمی میں مشکلات درپیش تھیں، نیپرانے کے الیکٹرک پرجرمانے عائد کئے ۔ سپیکر نے عمرایوب خان کو ہدایت کی کہ پورے پاکستان میں سسٹم کی بہتری کی فزیبلٹی بنائیں،قومی اسمبلی کو وزارت خارجہ کی جانب سے تحریری جواب میں بیرون ملک کوڈ 19 سے وفات پانے والے پاکستانیوں کی تفصیلات پیش کرتے ہوئے بتایا کہ کوڈ 19 سے بیرون ملک 1259 پاکستانی وفات پائے ۔ پارلیمانی سیکرٹری ملیکہ بخاری نے ایوان کو بتایا کہ ہم نے سستا انصاف یقینی بنانے کیلئے اقدامات کیے ،و راثتی حقوق کا قانون مروج کرایا جس سے 15دن میں حق مل سکتا ہے ۔پارلیمانی سیکرٹری خارجہ عندلیب عباس نے ایوان کو بتایا کہ اڑھائی لاکھ پاکستانیوں کو بیرون ممالک سے واپس لائے ہیں۔