لاہور، اسلام آباد ، نارووال، سیالکوٹ (نمائندہ خصوصی سے ،سپیشل رپورٹر ، ڈسٹرکٹ رپورٹر ، مانیٹرنگ ڈیسک، نیوز ایجنسیاں )وزیر اعظم عمران خا ن بابا گرونانک دیو جی کے 550ویں جنم دن کے موقع پر آج کرتارپور راہداری کا افتتاح کریں گے ۔تقریبات کی تیاریاں مکمل کر لی گئیں۔ جنوبی ایشیائی خطے کی سب سے اہم ترین تقریب کیلئے پنڈال سج گیا۔نارووال میں آج عام تعطیل ہو گی۔ ذرائع کے مطابق بھارت سے سابق وزیر اعظم من موہن سنگھ، سابق وزیر اورسابق ٹیسٹ کرکٹر نوجوت سنگھ سدھو، بھارتی پنجاب کے وزیر اعلی کیپٹن (ر) امریندر سنگھ،سابق وزیر اعلی پرکاش سنگھ بادل، سابق نائب وزیر اعلی سکھبیر سنگھ بادل، مرکزی وزیر ہر سمرت کور بادل اور ہردیپ سنگھ پوری بھی تقریب میں شرکت کیلئے پاکستان پہنچیں گے ۔وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے سکھ یاتریوں کو تما م سہولیات فراہم کریں گے ۔اپنے بیان میں شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا پاکستان نے کرتارپورراہداری کے افتتاح سے خیرسگالی کا پیغام دیا۔ کچھ لوگ بغیرسوچے سمجھے تنقید کرتے ہیں۔ بھارت میں کچھ قوتیں نہیں چاہتیں خیرسگالی کا بیج پروان چڑھے ۔ مقبوضہ کشمیرمیں مسلمانوں کوجمعہ کی نمازکی اجازت نہیں دی جارہی۔ بھارت نے مقبوضہ کشمیرمیں ظلم اور بربریت کا بازار گرم کررکھا ہے ۔چیئرمین متروکہ وقف املاک بورڈ ڈاکٹر عامر احمد نے بتایا افتتاحی تقریب کے تمام انتظامات مکمل ہیں ۔کرتار پور راہداری اہم سنگ میل ہے جس سے پوری دنیا میں پاکستان کی نیک نامی اور عزت و قار میں اضافہ ہوا ہے ۔ بھارت سمیت دنیا بھر سے آنے والے ہزاروں سکھ یاتری یہاں پہنچ چکے ہیں اور انہیں مکمل سہولیات دی جا رہی ہیں ۔موسم کو مد نظر رکھتے ہوئے انکی رہائش اور آرام کیلئے خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں ۔ وزیر اعظم پاکستان میں بسنے والی اقلیتوں سے خصوصی محبت رکھتے ہیں اور کرتار پور رہداری اسکی اہم مثال ہے ۔پاکستان سکھ گورو دوارہ پر بندھک کمیٹی کے پردھان سردار ستونت سنگھ کا کہنا تھا ٹرسٹ بورڈ کے سیکرٹری طارق وزیر، ڈپٹی سیکرٹری شرائنز عمران گوندل، بورڈ ترجمان عامر حسین ہاشمی ، اہم سکھ رہنما اور وفاقی و صوبائی حکومت بورڈ افسران و سیکورٹی کا عملہ دن رات یاتریوں کی خدمت میں مصروف عمل ہے ۔گورو دوارہ دربار صاحب کرتار پور نارروال پہنچنے والے سکھ یاتریوں نے اسکی خوبصورتی اور تزئین آرائش کی دل کھول کر تعریف کی ۔ بھارت سمیت دنیا بھر سے آئے سکھ یاتریوں نے گوردو دوارہ دربار صاحب کرتار پور کو دنیا کر سب سے بڑا گورو دوارہ قرار دیتے ہوئے وزیر اعظم عمران خان کو عالمی نوبل انعام دینے کا مطالبہ کیا ہے ۔یاتریوں کا کہنا تھا کرتار پور راہدار ی ایک خواب تھا جو عمران خان کی بدولت حقیقت کا روپ دھار چکاہے ۔کینڈا سے آئے سکھ رہنما سردار چرن سنگھ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا پاکستان میں ہماری عبادت گاہیں بھارت سے زیاد پاکستان میں محفوظ ہیں ۔سکھ یاتریوں کیلئے بہترین خدمات پر عمران خان کو عالمی نوبل انعام دیا جائے ۔ گورو دوارہ پر بندھک کمیٹی کے پردھان سردار ستونت سنگھ نے کہا بلا شبہ پاکستان کا شمار اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ اور انہیں مذہبی آزادی دینے والے ممالک میں سر فہرست ہے ۔سردار گورومیت سنگھ بوس نے کہا پاکستان میں غیر مسلموں کو جتنی مذہبی آزادی حاصل ہے اس کا بھارت میں بسنے والی اقلیتیں تصور بھی نہیں کر سکتیں ۔سردار سروجیت سنگھ ورک نے کہا پاکستان اقلیتوں کیلئے سورگ سے کم نہیں ۔ادھرسردار گروجیت سنگھ کی قیادت میں 555سکھ یاتریوں نے گورودوارہ بابا بیری کا دورہ کیا اور مذہبی رسومات ادا کیں۔