ممبئی (آن لائن)بھارتی تامل اداکارہ پونم کورنے دورہ پاکستان کے دوران بنائی گئی مختصر دورانیے کی دستاویزی فلم ریلیز کردی ہے جس میں کرتار پور راہداری کو دونوں ملکوں کے درمیان امن کا راستہ قرار دیا گیا ہے ۔پونم کور نے ٹوئٹر پیغام میں وزیراعظم عمران خان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ اﷲ نے انہیں پاکستان کو بدلنے کا موقع دیا ہے ، میں دل سے چاہتی ہوں کہ وہ اس میں کامیاب ہوں، آپ صحیح کہتے ہیں ماضی میں رہنے سے اچھا ہے ہم آج بدلیں، ہماری آنے والی نسل کیلئے ۔ پونم کور نے کرتارپور راہداری کی افتتاحی تقریب میں بھی شرکت کی تھی۔’’اے واک ود پونم کپور ‘‘ 4 منٹ 36سیکنڈ پر مشتمل ہے اور اس میں سکھ برادری کو پیغام دیا گیا ہے کہ وہ پاکستان ضرور آئیں۔ اداکارہ نے فلم میں وزیراعظم عمران خان کو پاکستان کی پہچان قرار دیا اور شاعر مشرق علامہ اقبال کے ایک شعر ’’پھر اٹھی آخر صدا توحید کی پنجاب سے ، ہند کو ایک مرد کامل نے جگایا خواب سے ‘‘کے ذریعے بھی امید کے پیغام کو اجاگر کیا۔