کراچی(سٹاف رپورٹر)محکمہ انسداددہشت گردی (سی ٹی ڈی )سول لائن کراچی نے خفیہ اطلاع پرکارروائی کرتے ہوئے پولیس اہلکاروں کی ٹارگٹ کلنگ اورفرقہ ورانہ دہشت گردی کی وارداتوں میں ملوث کالعدم لشکرجھنگوی کے تین دہشت گردوں کوگرفتارکرکے ان کے قبضے سے اسلحہ برآمدکرلیا۔گرفتاردہشت گردسینٹرل جیل کراچی سے فرارہونے والے دہشت گردممتاز عرف فرعون کے ساتھی ہیں۔کاؤنٹرٹیررازم ڈیپارٹمنٹ کے ٹی ٹی آئی جی یونٹ کے انچارج راجہ عمرخطاب نے خفیہ اطلاع پر پولیس پارٹی کے ہمراہ حب بلوچستان کے قریب ناکہ بندی کرکے پیدل کراچی آنے والے تین دہشت گردوں مرزاعمرفاروق بیگ عرف ودود،سیدذبیح اللہ عرف طالبان اورفضل رازق عرف رزاق کوگرفتارکرکے ان کے قبضے سے اسلحہ اوردیگرسامان برآمد کرلیا۔راجہ عمرخطاب نے اپنے دفترمیں پریس کانفرنس کے دوران بتایاکہ 3جولائی2017کوسینٹرل جیل کراچی سے کالعدم لشکر جھنگوی کے گروپ کاسرغنہ شیخ ممتازعرف فرعون اپنے ساتھی کے ہمراہ جیل توڑکرفرارہوگیاتھااورافغانستان میں روپوش تھا۔ملزمان نے انکشاف کیاہے کہ وہ شیخ ممتازعرف فرعون کے ادھورے مشن کومکمل کرنے کے لئے کراچی واپس آرہے تھے ۔انھوں نے بتایاکہ دہشت گردوں کے قبضے سے مستقبل کے حوالے سے ایک ہٹ لسٹ بھی ملی ہے جس میں اورنگی ٹاؤن میں رہائش پذیر پولیس اہلکاروں کے نام شامل ہیں۔