سکیورٹی فورسز نے کرم ایجنسی کے علاقے زیوا میں آپریشن کر کے تین دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا‘ جبکہ دہشت گردوں سے فائرنگ کے تبادلے میں فوج کے ایک افسر کیپٹن باسط اور سپاہی حضرت بلال شہید ہو گئے۔ خطے کی بدلتی ہوئی صورتحال سے فائدہ اٹھا کر دہشت گرد پھر سے سرگرم ہو رہے ہیں۔ پاکستان کی سکیورٹی فورسز مسلسل ان دہشت گردوں کا تعاقب کر رہی ہیں اور اس بات کا عزم کئے ہوئے ہیں کہ پاکستان کی سرزمین پر آخری دہشت گرد کی موجودگی تک سکیورٹی آپریشن جاری رہے گا۔پوری قوم بھی پاک سرزمین کو دہشت گردوں سے پاک کرنے کے عزم میں پاک فوج کے ساتھ ہے۔ یہ امر پوشیدہ نہیں کہ افغانستان سے امریکی فوج کے انخلاء کے بعد خطے کی صورتحال تبدیل ہو رہی ہے اور دہشت گرد موقع سے فائدہ اٹھا کر مذموم کارروائیوں میں تیزی لا رہے ہیں۔ ان دہشت گردوں کے کلابے غیر ملکی قوتوں سے ملتے ہیں اور متاثرہ علاقوں میں موجود ان کے سہولت کار انہیں مدد فراہم کر رہے ہیں لیکن پاکستان کی سکیورٹی فورسز موجودہ حالات سے پوری طرح آگاہ ہیں اور دہشت گردوں کے کئی ٹھکانے تباہ کر چکی ہیں۔پاک فوج کے جوان سینوں پر گولیاں کھا کر اپنے ہم وطنوں اور سرحدوں کی حفاظت کر رہے ہیں۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ موجودہ حالات کے تناظر میں سکیورٹی انتظامات مزید سخت کیے جائیں اورعلاقوں میں چیک پوسٹوں کی کڑی نگرانی کی جائے تاکہ دہشت گردی کے منصوبوں کو وقوع پذیر ہونے سے قبل ہی ناکام بنایا جا سکے۔