کوالالمپور(نیٹ نیوز) ملائیشیا کے سابق وزیراعظم نجیب رزاق ون ملائیشیا ڈویلپمنٹ برہد (1MDB یا ون ایم ڈی بی) سکینڈل میں سرکاری فنڈز میں ملٹی بلین ڈالر کے مجرمانہ الزامات پر پہلی دفعہ پیش ہوگئے ۔ رائٹرز کی رپورٹ کے مطابق نجیب رزاق پر الزام ہے کہ انہوں نے سابق 'ون ایم ڈی بی' یونٹ ایس آر سی انٹرنیشنل سے غیر قانونی طور پر ایک کروڑ ڈالر وصول کیے ۔سابق وزیراعظم کی گواہی کے موقع پر وکیل صفائی محمد شفیع عبداللہ نے کہا کہ ان کے موکل کے پاس یہ بات تسلیم کرنے کی کوئی وجہ نہیں کہ کس قسم کی غیر قانونی رقم انہیں منتقل کی گئی، نجیب رزاق ایس آر سی کے فنڈ میں کسی قسم کی بدعنوانی میں ملوث تھے اور نہ ہی انہوں نے کسی شخص سے رشوت لی۔ اپنا بیان ریکارڈ کراتے ہوئے نجیب رزاق نے کہا کہ جھو لو نے اپنے آپ کو مشرق وسطیٰ سے تعلق رکھنے والی بااثر شخصیت کے طور پر پیش کیا تھا جس پر مجھے یقین تھا کہ وہ پارٹنرشپ کی صورت میں سرمایہ کاری میں معاونت فراہم کرسکتا ہے ۔ان الزامات میں نجیب رزاق کو جرم ثابت ہونے پر بھاری جرمانے اور ہر الزام پر 15 سے 20 سال قید کی سزا ہوسکتی ہے ۔