وینس،واشنگٹن( آن لائن،نیٹ نیوز ) اٹلی میں کرونا وائرس کے خوف کے باعث ہالی ووڈ سپرسٹار ٹام کروز کی فلم ’’مشن امپاسبل7‘‘ کی شوٹنگ منسوخ کردی گئی۔ہالی ووڈ پروڈکشن کمپنی پیراماؤنٹ پکچرز نے اٹلی کے شہر وینس میں فلم کی عکس بندی کیلئے تین ہفتوں کا شیڈول طے کیا تھا ۔تاہم اٹلی کرونا پھیلنے پر شوٹنگ منسوخ کردی گئی ۔ پروڈکشن کمپنی کا کہنا ہے کہ فلم کی شوٹنگ اپنے عملے اور کاسٹ کی حفاظت کیلئے احتیاطی تدابیر کو اختیار کرتے ہوئے منسوخ کی گئی ہے ۔ عملے کو شوٹنگ شروع ہونے تک واپس بھیجا جارہا ہے ۔ ہم اٹلی میں صورتحال پر نظر رکھے ہوئے ہیں اورحکومت اور صحت کے عملے کے ساتھ مل کر کام کررہے ہیں۔ ’’مشن امپاسبل7‘‘ مشن امپاسبل سیریز کی ساتویں فلم ہے اور اسے اگلے سال جولائی میں ریلیز ہونا تھا ۔ شوٹنگ کینسل ہونے کے بعد اسکی نئی ریلیز کی تاریخ کے حوالے سے فی الحال تفصیلات منظرعام پر نہیں آئی ہیں۔ایکشن اور تھرلر سے بھرپور فلم ’’مشن امپاسبل7‘‘ کے ہدایت کار کرسٹوفر میک کیوری ہیں اور فلم کی کہانی بھی انہوں نے ہی تحریر کی ہے ۔ سیریز کی دیگر فلموں کی طرح اس فلم میں بھی ٹام کروز ایتھن ہنٹ کے کردار میں ایکشن میں نظر آئیں گے ۔