لندن(سپورٹس ڈیسک)عالمی وبا کرونا وائرس کے باعث برطانیہ کے قومی ادارہ برائے صحت کی رضاکار مہم میں انگلینڈ کی خواتین کرکٹرز بھی پیش پیش ہیں، انگلش ویمن ٹیم کی کپتان ہیتھر نائٹ اور انٹرنیشنل آل راؤنڈر سوفی ڈنکلے بھی مہم میں شامل ہوگئیں۔کرونا وائرس کی وبا سے تقریباً پوری دنیا متاثر ہوئی ہے ، ایسے میں برطانوی ادارہ برائے صحت نے رضاکار مہم کا آغاز کیا ہے ، جس میں انگلینڈ کی خواتین کرکٹرز بھی پیش پیش ہیں، انگلش ویمن کرکٹ ٹیم کی کپتان ہیتھر ناٹ اور انٹرنیشنل آل راؤنڈر سوفی ڈنکلے بھی مہم کا حصہ بن گئی ہیں، دونوں کرکٹر طبی عملے کی معاون کے طور پر کام کریں گی۔کپتان ہیتھر نائٹ کا کہنا ہے کہ کورونا وائرس کے باعث ہمارے پاس بہت وقت ہے ، میں نے گھروں میں تنہا رہنے والوں اور آئسولیشن اختیار کرنے والوں سے رابطے میں رہنے کے ساتھ ساتھ میڈیسن بھی مہیا کرنے کے لیے اپنی خدمات پیش کی ہیں۔انہوں نے کہا کہ اہم بات یہ ہے کہ جتنا ہوسکے دوسروں کی مدد کرنے کی کوشش کریں۔ ان کا مزید کہنا ہے کہ مہم جوائن کرنے کا مقصد یہ ہے کہ اس صورتحال میں اپنا تھوڑا سا حصہ ڈال سکوں۔واضح رہے کہ نیشنل ہیلتھ سروس کی رضاکارانہ مہم میں پانچ لاکھ افراد شامل ہوچکے ہیں۔