کراچی،لاڑکانہ،نوڈیرو، خیرپور(سٹاف رپورٹر ،بیورو رپورٹ) کرونا خدشات کے باعث پیپلز پارٹی کے بانی چیئرمین شہید ذوالفقار علی بھٹو کی 41 ویں برسی کی تقریبات منعقد نہ کی جاسکی، لاڑکانہ کا جلسہ عام چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی ہدایت پر منسوخ کیا گیا ۔نوڈیرو میں شہید ذوالفقار علی بھٹو کے یوم شہادت پر پی پی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری ے شہید ذوالفقار علی بھٹو اور دیگر شہداء کے مزاروں پر حاضری دی اور پھولوں کی چادریں چڑھائی۔ انہوں نے کارکنان کیلئے جاری ویڈیو پیغام میں کہا کہ ملک بھر سے لاکھوں جیالے گڑھی خدابخش بھٹو میں جمع ہوتے ہیں، آج میں اکیلا دعا مانگنے کیلئے یہاں موجود ہوں، عوام کو کرونا سے بچانے کیلئے یہ فیصلہ کیا۔ سندھ حکومت کوشش کررہی ہے کہ تمام مستحقین تک راشن پہنچاسکے ۔ اس وقت سب سے اہم تقاضا اپنی صحت اور زندگی کا خیال رکھنا ہے ، گھروں میں رہیں، احتیاطی تدابیر پر عمل کریں، خود کو، اپنے اہلخانہ کو محفوظ بنائیں، یہ کامیابی اس صورت ممکن ہے جب عوام ہمارے ساتھ ملکر بحران کا مقابلہ کرے ۔ امید ہے وفاق سب کو برابری کی بنیاد پر ضروریات پوری کرے گا، ہر صوبے کی وفاق نے مدد کرنی ہوگی، امید کرتا ہوں کہ ہم آپ سب کی مدد سے مشکل وقت سے نکل جائیں گے ۔ ادھر ذوالفقار بھٹو کے ایصال ثواب کیلئے وزیراعلیٰ ہاؤس کراچی، پارٹی رہنماؤں، کارکنان کے گھروں میں اہلخانہ کے ہمراہ قرآن خوانی اور فاتحہ خوانی کی گئی۔ اس موقع پر وزیراعلی سندھ نے کہا کہ شہید بھٹو نے ملک کو آئین، لیبر پالیسی، انسانی حقوق قانون اور خارجہ پالیسی بناکر پاکستان کو ناقابل تسخیر بنایا۔