لاہور (نامہ نگار خصوصی ،مانیٹرنگ ڈیسک ) کرونا وائرس کے خدشات، حمزہ شہباز شریف نے لاہور ہائیکورٹ میں ضمانت کیلئے درخواست دائر کر دی۔انہوں نے امجد پرویز ایڈووکیٹ کے ذریعے درخواست دائر کی۔درخواست میں چیئرمین نیب، ڈی جی نیب اور تفتیشی افسر کو فریق بنایا گیا ہے ،درخواست میں موقف اپنایا گیا ہے کہ پاکستان سمیت دنیا بھر میں کرونا وائرس پھیل رہا ہے ، میڈیا رپورٹس کے مطابق جیلوں میں بھی کرونا وائرس کے مشتبہ مریض موجود ہیں۔ جیل میں قید حمزہ شہباز کو کرونا وائرس سے متاثر ہونے کا خدشہ ہے ۔یہ بھی موقف اپنایا گیا کہ لاہور ہائیکورٹ نے کرونا وائرس کے خدشے کے پیش نظر جیلوں میں قید ملزموں کی ضمانتیں دائر کرنے کی ہدایات بھی جاری کی ہیں۔ عدالت سے استدعا ہے آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس میں گرفتار حمزہ شہباز کو ضمانت پر رہا کرنے کاحکم دیا جائے ۔