لاہور (کامرس رپورٹر) پنجاب اکنامک کونسل کے چیئرمین خواجہ خاور رشید نے حکومت پر زور دیا ہے کہ انتہائی مہلک کرونا وائرس سے بچنے کے لیے فول پروف حفاظتی اقدامات کیے جائیں وگرنہ ملک کو بھاری جانی ، مالی اور معاشی نقصان کا سامنا کرنا ٖپڑسکتا ہے ۔ اپنے بیان میں خواجہ خاور رشید نے کہا کہ چین سے پاکستان ہر ہفتے چالیس سے زائد فلائٹس آتی ہیں۔ پاکستان میں ہزاروں چینی باشندے کام، کاروبار اور تعلیم کے سلسلے میں ملک میں موجود ہیں اور ان کا اپنے ملک آنا جانا بھی لگا رہتا ہے جس کی وجہ سے پاکستان میں یہ وائرس پھیلنے کا سنگین خطرہ موجود ہے ۔ خواجہ خاور رشید نے کہا کہ چین میں اس وائرس سے سینکڑوں افراد متاثر اور کئی افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جب چین ترقی یافتہ ہونے کے باوجود اس مہلک وبا کا مقابلہ نہیں کرپارہا تو پاکستان مقابلہ کیسے کرے گا، ہسپتالوں میں بھی اس وائرس سے نمٹنے کے انتظامات موجود نہیں ہیں۔ پنجاب اکنامک کونسل کے چیئرمین نے حکومت پر زور دیا کہ وہ تمام ایئرپورٹس اور بارڈرز پر سکریننگ کا انتہائی سخت نظام قائم کرے اور وہاں میڈیکل ٹیموں کی ڈیوٹیاں بھی لگائے ۔