کراچی(کامرس رپورٹر) کورنگی ایسوسی ایشن آف ٹریڈ اینڈ انڈسٹری(کاٹی) کے سرپرست اعلی ایس ایم منیر اور شیخ عمر ریحان نے کورونا وائرس وبا کی روک تھام کے لیے وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کی جانب سے لاک ڈاؤن کے فیصلے کا خیر مقدم کرتے ہوئے ان کے اقدامات کو لائق تحسین قرار دیا ہے ۔ ایس ایم منیر کاکہنا ہے کہ ہمیں اپنے صوبے کے وزیر اعلیٰ پر فخر ہے کہ اس قومی و عالمی چیلنج سے نمٹنے کے لیے انہوں نے روشن مثال قائم کی ہے ۔ ان کا کہنا تھا کہ وباء کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے مراد علی شاہ اور ان کی پوری ٹیم نے جس انداز میں بروقت فیصلے اور اقدامات کیے ہیں انہیں تاریخ میں یاد رکھا جائے گا۔ہمیں فخر ہے کہ آج ہمارا وزیر اعلیٰ ملک بھر میں کورونا وائرس کے خلاف جنگ میں ایک مثال بن چکا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ مراد علی شاہ نے بروقت لاک ڈاؤن کا فیصلہ کیا اور ہم ان کے تمام اقدامات کی بھرپور حمایت کرتے ہیں۔ سرپرست اعلیٰ ایس ایم منیر اور صدر کاٹی شیخ عمر ریحان نے عوام سے اپیل بھی کی کہ وہ صوبائی حکومت کے احکامات پر مکمل عمل درآمد کریں اور رضاکارانہ طور پر خود کو گھروں میں محدود کرلیں۔