کراچی،لاہور ، اسلام آباد، کوئٹہ ، بیجنگ، واشنگٹن، نیویارک ،ٹورنٹو ( سٹاف رپورٹر ،جنرل رپورٹر ، لیڈی رپورٹر،92 نیوزرپورٹ، مانیٹرنگ ڈیسک) دنیا بھر میں کرونا وائر س سے مزید423افراد ہلاک ہوگئے ،ہلاکتوں کی مجموعی تعداد5,397 ہو گئی ۔کراچی میں کرونا وائرس کا ایک اورمریض سامنے آگیاجس کے بعد ملک بھر میں کیسز کی تعداد 22 ہوگئی ہے ۔ محکمہ صحت سندھ کے مطابق 52سالہ شخص میں کروناوائرس کی تصدیق ہو گئی ۔ متاثرہ شخص نے اسلام آباد سے کراچی کا سفر کیا تھا۔محکمہ صحت سندھ کے مطابق متاثرہ شخص کے بیرون ملک سفر کی کوئی ہسٹری موجود نہیں۔ سندھ میں کرونا سے متاثرہ مریضوں کی تعداد 15ہو گئی جبکہ دو مریض صحتیاب ہو کر گھر جاچکے ۔ ترجمان پرائمری اینڈ سکینڈری ہیلتھ کئیرپنجاب کے مطابق کرونا وائرس کے 6 مشتبہ مریض آئسولیشن وارڈز میں زیر نگرانی ہیں۔ پنجاب بھر میں ڈسٹرکٹ ریپڈ ریسپانس ٹیمیں تشکیل دیدی گئیں ۔خیبرپختونخوا میں کرونا کے 27 مشتبہ کیسز میں سے 24 کو کلیئر قرار دیدیا گیا۔ سندھ میں معمولی مقدمات میں سزا یافتہ قیدیوں کی سزائوں میں 60 دن کی معافی کا اعلان کردیا گیا جبکہ حکومت نے کرونا وائرس کی ویکسین بنانے والوں کیلئے انعام کا اعلان کر دیا۔سندھ کے وزیرِاطلاعات و بلدیات ناصر حسین شاہ نے کہاسندھ حکومت لیبارٹریزاور ریسرچ سٹوڈنٹس کو مکمل سہولتیں فراہم کرے گی اور تمام اخراجات سندھ حکومت برداشت کرے گی۔ سندھ حکومت نے کروناوائرس کے ٹیسٹ کیلئے مخصوص ہسپتالوں کی وائرل فہرست غلط قرار دیدی اور کہا سندھ بھر کے مختلف ہسپتالوں میں 9 آئسولیشن وارڈز قائم کئے گئے ہیں۔عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او)کی ٹیم کروناوائرس کے حوالے سے کیے جانے والے اقدامات کاجائزہ لینے کراچی پہنچ گئی۔ ٹیم نے جناح ہسپتال اور کراچی ایئرپورٹ کادورہ کیاا ور انتظامات پر اظہاراطمینان کیا۔ عالمی ادارہ صحت کی ہدایت پر کراچی ایئرپورٹ پرقرنطینہ کا خصوصی وارڈ قائم کردیاگیا ۔ایران سے آئے دو ہزار سے زائد زائرین کو 15 روز کی مدت پوری ہونے پر کوئٹہ روانہ کر دیا گیا۔ تفتان میں 3000 کے قریب اور بھی زائرین اور طلبہ 6 مختلف قرنطینہ سنٹرز میں موجود ہیں۔کرونا وائرس کے باعث پاکستان فیشن ویک مؤخر کردیا گیا۔پاکستان میرین اکیڈمی میں تعلیمی سرگرمیاں معطل کر دی گئی ہیں۔ڈائریکٹوریٹ آف سنٹرل ہیلتھ اسٹیبلشمنٹ کے ڈائریکٹر ڈاکٹر عرفان طاہر نے کہاہے ہوائی اڈوں اور پاکستان میں داخلے کے دیگر راستوں، بندرگاہوں پر جانچ پڑتال کے اقدامات میں توسیع کر دی گئی ہے ۔اسلام آباد ہائیکورٹ نے کرونا وائرس کے باعث چین میں پھنسے پاکستانی طالبعلموں کی واپسی سے متعلق کابینہ اجلاس کے فیصلے کی تفصیلات 20 مارچ تک طلب کرلیں۔ چیف جسٹس اطہر من اﷲ نے ریمارکس دیئے یہ صرف پاکستان کا مسئلہ نہیں بلکہ پوری دنیا اس سے متاثر ہو رہی ہے ، یہ عدالت کیسے ڈائریکشن دے ،عدالت پالیسی معاملات میں دخل نہیں دے سکتی۔ دریں اثنا دنیا بھر میں 24گھنٹوں میں کرونا وائر س سے مزید423افراد ہلاک ہوگئے ،ہلاکتوں کی مجموعی تعداد5,397 ہو گئی جبکہ9,475 نئے کیس سامنے آگئے ۔متاثرہ ممالک کی تعداد136ہو گئی جہاں متاثرین کی تعداد144,031 ہو گئی جن میں سے 70,920 مریض صحتیاب ہو چکے جبکہ5,990 کی حالت تشویشناک ہے ۔ اٹلی میں 250افراد ہلا ک جبکہ 2,547نئے کیس سامنے آگئے ۔ایران میں مزید85مریض چل بسے جبکہ1,289نئے کیس رپورٹ ہوئے ۔سپین میں36 ہلاکتیں،1,188 نئے کیس ،چین میں8 اموات جبکہ 22نئے کیس سامنے آئے ہیں۔فرانس میں 18 ہلاک ہوگئے جبکہ 785نئے کیس آگئے ۔نیدرلینڈز اور جنوبی کوریا میں5،5مریض ہلاک ہو گئے ۔سوئٹزرلینڈ میں 4،انڈونیشیا میں3،جرمنی2،برطانیہ ،یوکرائن، سوڈان،بھارت، ارجنٹائن، عراق اور ہانگ کانگ میں ایک ایک چل بسا۔ جرمنی میں 736،سوئٹزرلینڈ269،انگلینڈ 208،نیدرلینڈز190،ڈنمارک127،بلجیم160،آسٹریا143،امریکہ 333،سویڈن123 ، جنوبی کوریا،ناروے 110،110،آسٹریلیا43،انڈونیشیا 35،پرتگال 34،ملائشیا39،کویت ، رومانیہ 20،20،سعودی عرب 17،بحرین، سنگاپور،پولینڈ13،13،روس11،جنوبی افریقہ 8،ترکی میں مزید4 کیس رپورٹ ہوئے ہیں۔ افغانستان میں ایک شخص کرونا سے ہلاک ہو گیا۔کرونا میں مدد کیلئے چینی طبی ماہرین کی ٹیم اٹلی پہنچ گئی۔کینیڈین وزیراعظم کی اہلیہ بھی کرونا کا شکار ہو گئیں۔صوفی آئسولیشن میں رہیں گی۔کینیڈین وزیراعظم کے دفتر کے بیان کے مطابق وزیراعظم جسٹن ٹروڈو کی صحت اچھی ہے اور ان میں علامات ظاہر نہیں ہوئیں۔آسٹریلیا کے سرکاری عہدیدارپیٹر ڈٹن ، جس نے گذشتہ ہفتے واشنگٹن میں اٹارنی جنرل ولیم بار اور ایوانکا ٹرمپ سے ملاقات کی تھی، میں کرونا وائرس کی تصدیق ہو ئی ہے ۔امریکی فوج کے 10 اہلکاروں میں وائرس کی تشخیص ہوگئی۔ امریکی ایوان نمائندگان اور امریکی سپریم کورٹ کے آفیشل ڈاکٹر برائن موناہن نے کہا ہے امریکہ میں کرونا وائرس سے 7 کروڑ سے 15 کروڑ افراد متاثر ہوسکتے ہیں۔امریکی صدر ٹرمپ نے کرونا وائرس کے پیش نظر ملک میں ایمرجنسی نافذ کرتے ہوئے عالمی وبا سے لڑنے کیلئے 50ارب ڈالر کے وفاقی فنڈز کی بھی منظوری دیدی۔صدر ٹرمپ نے ریاستوں پر زور دیا کہ ایمرجنسی آپریشن سنٹرز قائم کریں اور کہا امریکہ وائرس کی تشخیص کرنے کی صلاحیت میں بڑے پیمانے پر اضافہ کریگا۔انہوں نے کہا کہ امریکہ کی 46 ریاستوں میں کروناوائرس کے مریض موجود ہیں، انہوں نے طلبہ کیلئے قرضوں میں چھوٹ کا بھی اعلان کیا۔چین نے امریکہ پرکرونا وائرس کے حیاتیاتی حملے کا الزام لگاتے ہوئے کہا ہے اس میں امریکی فوج کا ہاتھ ہوسکتا ہے اور امریکہ کو اس کی وضاحت دینا پڑے گی۔امریکہ نے وائرس پھیلانے کے بیجنگ کے بیان پر چینی سفیر کو طلب کر لیا۔ چین کے صدر شی جن پنگ نے اقوامِ متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس کو فون کیا اور زور دیا کہ عالمی برادری کورونا وائرس سے نمٹنے کیلئے فوری ایکشن لے ۔میڈیارپورٹس کے مطابق انہوں نے کہا چین نے عالمی ادارہ صحت کی کوششوں میں تعاون کیلئے 20 ملین امریکی ڈالر امداد دینے کا اعلان کیا ہے ۔ فلپائن کے صدر روڈریگونے اعلان کیا ہے کرونا وائرس کے پھیلائو کو روکنے کیلئے منیلا کا لاک ڈائون کیا جا رہا ہے ۔سعودی وزارت داخلہ نے کرونا کے بڑھتے خطرات کے پیش نظر ملک بھرمیں شادی ہالوں، ہوٹلوں اور دیگر ایسے مراکز میں عوامی تقریبات کے انعقاد پر پابندی عائد کردی ۔نئی دہلی میں تمام سکول،کالج،سنیما،سوئمنگ پولز31مارچ تک بند کرنے کااعلان کردیا گیا ۔ دبئی میں ریسٹورنٹس اور کافی شاپس میں شیشہ پر پابندی عائد کر دی گئی۔ چھتیس گڑھ،منی پور،اترکھنڈ میں بھی سکول کالج 31مارچ تک بندکردیے گئے ۔ ممبئی میں عوامی اجتماعات پر پابندی عائد کر دی گئی۔پولینڈ اور یوکرین نے بھی یونیورسٹیاں، تھیٹر اور میوزیم بند کردیے ہیں۔جرمن صوبے بایریا کے تمام سکول اور کنڈر گارٹن بند کردیے گئے ۔امریکہ اور دیگر ملکوں میں عوامی اجتماعات اور بڑے ایونٹس ملتوی کر دیے گئے ۔ امریکی ریاست فلوریڈا اور پیرس کے ڈزنی ورلڈ کو بھی 15مارچ سے سیاحوں کیلئے بند کرنے کا اعلان کیا گیا ہے ۔ نیویارک اور نیوجرسی کے بعد امریکہ کی کئی ریاستوں میں جمعتہ المبارک کی باجماعت نماز کی ادائیگی منسوخ کر دی گئی۔بلجیم میں عوامی اجتماعات سمیت تمام ریسٹورنٹ، کیفے ، بار تین اپریل تک بند رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔ورلڈ ٹریول کونسل کا کہنا ہے کرونا کی وجہ سے سیاحت کے شعبے سے 50 ملین نوکریاں خطرے میں پڑ گئی ہیں۔ کرونا کی وجہ سے مختلف ملکوں میں ہزاروں پروازیں منسوخ کر دی گئیں، کروز شپ سروس بھی معطل ہے ۔کرونا وائرس کے پھیلاؤ کیخلاف اقدام کے طور پر ملائیشیا ،سنگاپور، ہانگ کانگ اور منیلا میں کیتھولک چرچ کی قیادت نے اگلی اطلاعات آنے تک تمام دعائیہ تقریبات منسوخ کر دی ہیں۔ جرمنی نے کرونا وائرس کے پیش نظر جنگ عظیم دوم کے بعد کمپنیوں کیلئے تاریخ کا سب سے بڑا پیکج متعارف کرا دیا، سرکاری بینک نے قرضوں کی مد میں 614ارب ڈالر کی رقم مختص کی ہے تاکہ بحرانی صورتحال میں کمپنیوں کو کام جاری رکھنے میں مشکلات کا سامنا نہ ہو۔ ایرانی حکومت نے ملک کو لاک ڈاؤن کر دیا۔سکیورٹی فورسز آئندہ 24گھنٹوں میں گلیوں اور بازاروں کو خالی کرائیں گی جس کے بعد ملک بھر میں تمام شہریوں کی سکریننگ اور ٹیسٹ کا سلسلہ شروع کیا جائیگا۔برطانیہ نے مئی میں ہونیوالے مقامی اور میئرز کے انتخابات کو منسوخ کر دیا۔سپین نے ملک میں ایمرجنسی نافذ کر دی۔جبرالٹر(جبل الطارق) میں رات کا کرفیو نافذ کر دیا گیا۔جی 7 کے اجلاس کا انعقاد ویڈیو لنک کے ذریعے کیا جائیگا۔چینی ارب پتی جیک ما نے کرونا سے لڑنے کیلئے امریکہ کو 5لاکھ کرونا ٹیسٹ کٹ اور 10 لاکھ سرجیکل ماسک فراہم کرنے کا اعلان کیا ہے ۔عالمی ادارہ صحت کے سربراہ ٹیڈروس نے کہا اب براعظم یورپ کرونا کی وبا کا مرکز ہے اور یہاں روزانہ اس سے زیادہ کیسز رپورٹ ہو رہے ہیں جتنے وبا کے عروج میں چین میں سامنے آ رہے تھے ۔