لاہور،اسلام آباد ،پشاور ،بیجنگ ،میلبور ن، پیرس (نامہ نگار خصوصی ، 92 نیوزرپورٹ ، نیوز ایجنسیاں ) چین میں کرونا وائرس سے مزید 143افراد ہلاک ہوگئے ہیں جس کے بعد مرنے والوں کی تعداد 1523 تک پہنچ گئی جبکہ مریضوں کی تعداد 66492ہو گئی ۔ بیجنگ میں چھٹیوں سے واپس آنے والے شہریوں کو 14 روز تکquarantine میں گزارنے کا حکم دیا گیا ہے ۔چین نے وائرس کاپھیلاؤ روکنے کیلئے استعمال شدہ کرنسی کو جراثیم سے پاک کر کے الگ کر دیا گیا۔ایک چینی عدالت نے شہریوں کو متنبہ کیا ہے دانستہ کرونا کی بیماری چھپانا فوجداری جرم ہے اور ایسا کرنے پر موت کی سزا بھی دی جا سکتی ہے ۔آسٹریلوی حکومت کی جانب سے سفری پابندیوں کی وجہ سے چین کی جمناسٹکس ٹیم آئندہ ہفتے میلبورن میں ہونے والے ورلڈ کپ جمناسٹکس 2020 سے باہر ہوگئی۔کرونا سے یورپ میں پہلی ہلاکت سامنے آئی ہے جہاں فرانس میں ایک 80 سالہ چینی شخص دم توڑ گیا۔ کرونا وائرس کی افزائش نے عبادت گاہوں کو بھی ویران کر دیا ہے ۔خیبرپختونخوا میں کرونا وائرس کے 4 مزید مشتبہ کیسز کو کلیئر قرار دیدیا گیا ۔ وفاقی حکومت نے ووہان میں پھنسے پاکستانی طلبہ کے والدین کو اعتما دمیں لینے کا فیصلہ کیا ہے ۔ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی، معاون خصوصی برائے اوور سیز پاکستانی زلفی بخاری اورمعاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا والدین کو بریفنگ دیں گے ۔وزارت خارجہ نے چین میں پھنسے ہوئے پاکستانی طلبہ سے رابطے کیلئے ہاٹ لائن قائم کردی۔ چین میں پھنسے پاکستانیوں کی واپسی کیلئے لاہور ہائیکورٹ میں درخواست دائر کردی گئی ۔