اسلام آباد، لاہور، ملتان ،راولپنڈی، پشاور ، کراچی ، بیجنگ، ٹوکیو، نیویارک ( خبر نگار خصوصی، سپیشل رپورٹر ،وقائع نگار ، نامہ نگارخصوصی، 92 نیوزرپورٹ، نیوزایجنسیاں )چین میں کرونا وائرس سے مزید64 افراد ہلاک ہو گئے ،ہلاکتوں کی تعداد425 ہو گئی۔چینی حکام کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 3ہزار سے زائد افراد وائرس سے متاثر ہو چکے جس کے بعدمتاثرین کی تعداد 20 ہزار چار سو سے زائد ہو چکی ۔ چین میں ایک ماہ کابچہ بھی وائرس کاشکارہوگیا۔ووہان میں مریضوں کیلئے 3مزیدنئے ہسپتال بنائے جارہے ہیں۔ مزیددوشہر وں تائی زواورہنگ زومیں نقل وحرکت کومحدود کر دیاگیاہے ۔ ہانگ کانگ میں کرونا سے پہلی ہلاکت کا کیس سامنے آگیا۔ جاپان کے کروز شپ میں مسافر میں کرونا وائرس کی تصدیق ہونے پر کروز شپ کوقرنطینہ میں تبدیل کر دیا گیا ۔تھائی لینڈ سے جنوبی کوریا جانے والی کوریائی خاتون میں بھی کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے ۔ بیلجیم میں بھی کورونا وائرس کا پہلا کیس سامنے آ گیا، متاثرہ شہری کو ہسپتال منتقل کر دیا گیا ۔ملائشیا،جنوبی کوریااورمکائومیں نئے کیس رپورٹ ہوئے ہیں۔امریکہ میں کرونا کے گیارہویں کیس کی تصدیق ہو چکی۔تائیوان حکومت نے گزشتہ 14 دنوں کے دوران چین کا سفر کرنے والے غیر ملکیوں کے تائیوان داخلے پر پابندی لگا دی ۔برطانیہ نے چین میں موجود تمام شہریوں کو فوری نکلنے کی ہدایت کر دی۔چین نے کرونا وائرس انفیکشن کے علاج کیلئے ایک دوا Remdesivir کی آزمائش شروع کردی ہے ۔ چین نے کرونا وائرس کی وبا کے باعث پیدا ہونے والی پیچیدہ صورتحال کے دوران ہر ممکن مدد اور تعاون کرنے پر پاکستان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا مشکل حالات میں پاکستان نے دوستی کا حق ادا کر دیا۔ترجمان وزارت خارجہ ہوا چونینگ نے کہا اس کڑے وقت میں پاکستان نے چین پر مکمل اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے نہ صرف پروازوں کو جاری رکھا بلکہ دنیا بھر میں طبی ساز و سامان کی ترسیل میں چین کی بھرپور مدد کی۔ لاہور میں علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر مزید چار ڈاکٹروں اور آٹھ نرسوں کو تعینات کردیا گیا۔اسلام آباد ایئرپورٹ پر بیجنگ سے آنے والی پرواز میں کرونا وائرس کا مشتبہ مریض سامنے آگیا۔بن یانگ کو پمزہسپتال منتقل کر دیا گیا۔خیبرپختونخوا میں 3 مشتبہ مریض کلیئر قرار دیدیئے گئے ۔ رحیم یارخان میں سعودیہ سے تدفین کیلئے لائی گئی میت کیساتھ آنے والے 6 افراد کی کرونا وائرس میں مبتلا ہونے کا شبہ پر سکریننگ کی گئی بعدازاں انہیں جانے کی اجازت دیدی گئی۔ ان میں ملتان کا ارسلان، کراچی کارضا، لاہور کا منہاج، چک53پی کا مختار ، گلشن عثمان کا مہر شاہ اور مڈ درباری کا جمال شامل ہیں۔کرونا وائرس کے شبہ میں زرعی یونیورسٹی میں لیکچرار عابد کو نشتر ہسپتال ملتان میں داخل کرادیا گیا ۔ عابد دو ماہ وہان میں گزارنے کے بعد 10 جنوری کو واپس پہنچا تھا ۔نشتر ہسپتال ملتان میں بارہ روز سے دو مشتبہ مریض زیر علاج ہیں جن میں چینی شخص فینگ فینگ اور ملتان کا رہائشی رحمت اللہ شامل ہیں ۔ چین سے واپس آئے ضلع قمبر کے رہائشی طالبعلم عامرعلی بروہی کے متعلق کروناوائرس کاشک غلط ثابت ہوا۔ چین سے آنے والے خیرپور کے رہائشی طالبعلم شاہ زیب کو کرونا کے شبہ میں گمبٹ ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔سول ہسپتال پیر جو گوٹھ کے ڈاکٹرز اور عملہ علاج سے انکار کرتے ہوئے وارڈ چھوڑکر چلا گیا۔ شاہ زیب نے اسلام آباد جانے کی کوشش کی تاہم ملتان ٹول پلازہ پر پولیس کی بھاری نفری نے واپس سندھ بھیج دیا۔ وفاقی سیکرٹری صحت ڈاکٹر اﷲ بخش نے نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ملک بھر سے 8 مشتبہ کیس این آئی ایچ کو موصول ہوئے تاہم کسی شہری میں کرونا وائرس کی تشخیص نہیں ہوئی۔ کرونا ایمرجنسی کورگروپ کے اجلاس میں کرونا وائرس کی روک تھام کیلئے اٹھائے گئے اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔ دریں اثنا لاہور سے چین جانیوالی پروازوں کو تاحال بحال نہیں کیا جاسکا۔گزشتہ روز لاہور سے چین جانے اور آنے والی دو پروازوں کو منسوخ کردیا گیا۔عرب امارات کی بیجنگ کے سوا چین کیلئے تمام پروازیں معطل کر دی گئیں۔چینی صدرنے انتباہ کیا کرونا کاچینی معیشت اورمعاشرتی استحکام پراثرپڑے گا۔معروف ٹیکنالوجی کمپنی سام سنگ نے چین میں اپنا سب سے بڑا سٹور عارضی بند کرنے کا اعلان کردیا۔ ہنڈائی موٹرز نے ایک یونٹ میں پروڈکشن معطل کرنے کا اعلان کردیا ۔عالمی منڈی میں امریکی خام تیل کی قیمت مزید ایک ڈالر کمی کے بعد 50 ڈالر50 سینٹ جبکہ برطانوی خام تیل کی قیمت ایک ڈالر 40 سینٹ کمی کے بعد 54 ڈالر 40 سینٹ فی بیرل ہوگئی ۔ ماہرین کے مطابق پاکستان کے درآمدی بل میں 20 کروڑ ڈالر کمی کا امکان ہے ۔عالمی ادارہ صحت کے سربراہ نے ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن کے ایگزیکٹو بورڈ کے اجلاس میں کہا ہے ان کا ادارہ گوگل کیساتھ ملکر کرونا وائرس سے متعلق افواہیں اور غلط معلومات روکنے پر کام کر رہا ہے ۔