لاہور ، اسلام آباد ، پشاور،سیالکوٹ ، بیجنگ، ماسکو (جنرل رپورٹر ، خبر نگار خصوصی ، خبرنگار ، ڈسٹرکٹ رپورٹر، نیوزایجنسیاں )چین میں کرونا وائرس سے مزید 73 افراد ہلاک ہو گئے ۔چین میں کرونا وائرس سے ہلاکتوں کاسلسلہ جاری ہے ۔چین کے نیشنل ہیلتھ کمیشن کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کرونا وائرس سے مزید 73 افراد کی ہلاکت کی تصدیق ہوئی ہے ۔ زیادہ تر ہلاکتیں ہوبئی صوبہ میں ہوئیں جبکہ تین افراد تیانگ جنگ، ہی لونگ جیانگ اور گوئز ہو میں ہلاک ہوئے ۔ چین میں کرونا سے ہلاکتوں کی تعداد563 ہو گئی ہے ۔25 ممالک میں کرونا وائرس پائے جانے کی تصدیق ہو چکی ہے ۔عالمی ادارہ صحت کے ڈائریکٹر جنرلنے بھی گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کرونا کے باعث ایک روز میں سب سے زیادہ ہلاکتوں کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ متاثرہ افراد کی تعداد28 ہزار سے تجاوز کر گئی ہے ۔ چینی ایئرلائنز نے کرونا وائرس کے پیش نظر لاہور سے ارنچی کیلئے پروازوں کی بندش میں20 مارچ تک توسیع کردی ہے ۔ چین نے کرونا وائرس کے علاج کیلئے تیار کی جانے والی تجرباتی دوا کا پیٹنٹ کرانے کیلئے درخواست جمع کرادی ہے ۔روس کے وزیر صحت میخائل مراشکو نے کہا ہے کرونا وائرس کے علاج کیلئے ویکسین کی تیاری میں آٹھ سے دس ماہ لگیں گے ۔ سعودی عرب کے شاہ سلمان نے چینی صدر شی جن پنگ سے ٹیلیفون پر بات چیت کی اور انہیں کرونا وائرس پرقابو پانے کی جنگ میں مکمل مدد وتعاون کی یقین دہانی کرائی ہے ۔چینی صدر نے شاہ سلمان کی جانب سے کرونا وائرس سے نمٹنے کیلئے امداد کی پیشکش اور مضبوط حمایت کو سراہا ۔فرانسیسی خبررساں ادارے کے مطابق سعودی عرب نے کرونا وائرس کی روک تھام کیلئے اپنے شہریوں کے چین کا سفرکرنے پر پابندی لگا دی اور ساتھ ہی خلاف ورزی کرنے پر جرمانے کا اعلان کردیا۔ادھر چین سے ایک اور غیر ملکی پرواز نیو اسلام آباد ایئر پورٹ پہنچ گئی۔ ایئر پورٹ پر محکمہ صحت کے عملہ نے تمام مسافروں کی سکریننگ کی۔ایک پاکستانی شہری کا درجہ حرارت زائد ہونے پر احتیاطا ً پمز منتقل کر دیا گیا۔ ذرائع کے مطابق سلیمان خان پشاور کا رہائشی ہے ۔اسلام آباد ائیر پورٹ پر کرونا وائرس کی سکریننگ کرنے والی مشین خراب ہوگئی ۔مانچسٹر اور لندن سے آنے والی پی آئی اے پروازوں میں مسافروں کی مینوئل چیکنگ کی جاتی رہی۔پمز انتظامیہ نے کرونا کے مزید تین مشتبہ مریضوں کے سیمپل این آئی ایچ کو بھیج دیے ۔ مشتبہ مریضوں میں ایک چینی اور دو پاکستانی شامل ہیں۔چین سے واپس آنے والی گجرات کی رہائشی 21سالہ ماہ رخ کو طبیعت خراب ہونے پر علامہ اقبال میموریل ہسپتال سیالکوٹ داخل کرا دیا گیا۔ خیبر پختونخوا میں کرونا وائرس کے ایک اور مشتبہ مریض کوہسپتال داخل کردیا گیا ، صوبہ میں مشتبہ مریضوں کی تعدادسات ہوگئی ہے تاہم کسی میں کرونا وائرس کی تصدیق نہیں ہوئی ۔خیبر پختونخوا میں چوبیس گھنٹوں کے دوران 12فلائٹس آئیں جن میں 2ہزار335مسافر آئے ۔ تمام مسافروں کی سکریننگ کی گئی لیکن کسی کو مشتبہ نہیں قرار دیا گیا ۔ محکمہ پرائمری ہیلتھ نے ڈائریکٹوریٹ جنرل ہیلتھ میں کروناکی مانیٹرنگ کیلئے کنٹرول روم قائم کر دیا گیا ۔سیکرٹری پرائمری اینڈسیکنڈری ہیلتھ کیپٹن(ر)عثمان نے کنٹرول روم کادورہ کیا ۔ڈی جی ہیلتھ نے انہیں بریفنگ دی۔کیپٹن(ر)عثمان کی زیرصدارت اجلاس میں کرونا کے مشتبہ مریضوں کی سکریننگ اور تشخیص سے متعلق اقدامات کاجائزہ لیا گیا ۔کیپٹن(ر)عثمان نے کہا پنجاب میں ابتک کرونا کے 12مشتبہ کیس سامنے آئے ۔