لاہور،اسلام آباد ،بیجنگ، جنیوا (نامہ نگار خصوصی ، وقائع نگار خصوصی،92 نیوزرپورٹ، نیوزایجنسیاں) چین میں کرونا وائرس سے مزید 100 افراد ہلاک ہوگئے جس کے بعددنیا بھر میں ہلاکتوں کی تعدا د 1875ہو گئی جبکہ 1995 نئے مریض بھی وائرس کی زد میں آگئے ہیں۔چینی ہیلتھ کمیشن کے مطابق چین میں کرونا وائرس سے متاثرہ مریضوں کی تعداد 72,440 سے زائد ہو گئی ، جن میں پیرا میڈیکل سٹاف بھی شامل ہے جبکہ دنیا بھر میں متاثرین کی تعداد 73,439تک پہنچ گئی ہے ۔11,781متاثرین کی حالت تشویشناک ہے ۔ ووہان میں کرونا وائرس کے علاج کے مرکزی ہسپتال کے ڈائریکٹر انتقال کر گئے ۔ چین نے کرونا سے نمٹنے کیلئے مخصوص امریکی طبی آلات کی درآمد پر 2 مارچ سے محصولات ختم کرنے کا اعلان کر دیا ۔چینی ماہرین نے وائرس کا نیا علاج ڈھونڈنے کا دعویٰ کردیا جس میں صحتیاب ہونے والے افراد کا پلازما استعمال کیا جارہا ہے ۔چین کے نیشنل ہیلتھ کمیشن نے تمام صحتیاب ہونے والے افراد سے خون کے عطیات دینے کی اپیل کی ہے ۔جاپان کے ساحل پر قطرینہ کئے گئے بحری جہاز ڈائمنڈ پرنسس پر مزید88مسافروں میں وائرس کی تصدیق کے بعد متاثرین کی تعداد 542ہو گئی ہے ۔جاپان میں8،سنگاپور میں4 ،ہانگ کانگ میں 2جبکہ جنوبی کوریا میں ایک کیس رپورٹ ہوا ہے ۔عالمی ادارہ صحت کے ماہرین پر مشتمل گروپ چین پہنچ چکا اور وہ چین کیساتھ ملکر اس پر تحقیقات کریں گے ۔عالمی ادارہ صحت کے ڈائریکٹر جنرل نے کہا کرونا وائرس سے متاثرہ نئے کیسز میں کمی دیکھنے میں آ رہی ہے ۔عالمی ادارہ صحت عالمی سطح پر وبا کے خطر ے کی درجہ بندی نہیں بڑھائے گا۔دریں اثنا پاکستانی سفارتخانے کی2 رکنی سپیشل ٹاسک فورس نے ووہان میں پاکستانی طلبا سے ملاقات کی ہے ۔بیجنگ میں پاکستانی سفارتخانے کی 2 رکنی سپیشل ٹاسک فورس ووہان پہنچ گئی جہاں انہوں نے 4 یونیورسٹیوں میں پاکستانی طلبہ سے ملاقاتیں کیں۔ ٹاسک فورس کے ارکان مزید 3 یونیورسٹیوں میں پاکستانی طلبا سے ملیں گے ۔ پاکستانی سفارتخانے سے جاری اعلامیہ کے مطابق چاروں یونیورسٹیوں میں تمام پاکستانی طلبہ محفوظ اور صحتمند ہیں۔ ووہان میں ٹاسک فورس مستقل تعینات کردی گئی جو چینی حکام کیساتھ ملکر کام کررہی ہے ۔ کرونا وائرس سے متاثرہ شہروں میں مقیم تمام پاکستانی خیریت سے ہیں اور انہیں چینی حکومت کی جانب سے ماسک، خوراک، پانی اور دوسری تمام سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔ چینی حکام ان طلبہ کی نفسیاتی کونسلنگ بھی کررہے ہیں جو ڈپریشن اور دباؤ کا سامنا کررہے ہیں۔ گوانگ میں 3 اور ووہان میں ایک پاکستانی متاثرہ طالبعلم صحتیاب ہوگئے جنہیں ہسپتا لوں سے فارغ کردیا گیا ۔ سفارتخانے نے پاکستانی طلبہ کی سہولت کیلئے 2 ہاٹ لائن بھی قائم کی ہیں ۔وفاقی حکومت کی جانب سے چین میں مقیم پاکستانی طلبہ کے والدین کو اعتما دمیں لینے کیلئے آج بریفنگ دی جائے گی ۔ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی، معاون خصوصی اوور سیز پاکستانی زلفی بخاری اور معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزااو پی ایف گرلز کالج اسلام آباد کے آڈیٹوریم میں بریفنگ دیں گے ۔ کروناسے بچائو کیلئے ایمر جنسی کور گروپ کا اجلاس ایگزیکٹو ڈائریکٹر ادارہ قومی صحت پروفیسر ڈاکٹر میجر جنرل عامراکرام کی زیر صدارت ہوا۔ اجلاس میں کرونا وائرس سے متعلق موجودہ صورتحال پر تفصیلی غور و خوض کیا گیا۔پروفیسر ڈاکٹر میجرجنرل عامراکرام نے بتایا کرونا سے بچائو کیلئے مربوط اور موثر اقدامات کو یقینی بنایاہے ۔ تمام ہوائی اڈوں پر سکریننگ کی جا رہی ہے ۔ کسی بھی ایمرجنسی صورتحال نمٹنے کیلئے تمام ادارے مستعد ہیں۔ قومی ادارہ صحت کے ماہرین کی صورتحال پر گہری نظر ہے ۔پاکستان میں کرونا وائرس کا کوئی کیس رپورٹ نہیں ہوا ہے ۔ادھرلاہور ہائیکورٹ نے ووہان سے پاکستانیوں کی واپسی کیلئے دائر درخواست پر وفاقی حکومت سے جواب طلب کر لیا۔جسٹس شاہد وحید نے درخواست پر سماعت کی۔ دلائل کے بعد عدالت نے نوٹس جاری کرتے ہوئے وفاقی حکومت سے جواب طلب کر لیا۔