اسلام آباد،لاہور،فیصل آباد، کراچی ، تفتان ، بیجنگ ،پیرس ،ابوظہبی ( خبر نگار خصوصی ، جنرل رپورٹر، خصوصی رپورٹر،مانیٹرنگ ڈیسک ، نیوز ایجنسیاں) دنیا بھر میں 24گھنٹوں میں کرونا وائر س سے مزید59افراد ہلاک ہوگئے ۔ہلاکتوں کی مجموعی تعداد3,001ہو گی جبکہ2,299نئے کیس سامنے آگئے ۔ چین میں مزید35مریض دم توڑ گئے ،ہلاکتوں کی تعداد2,870ہو گئی جبکہ 577نئے کیس سامنے آئے ہیں۔ووہان میں نومولود کرونا وائرس میں مبتلا ہو گیا۔ ایران میں مزید11مریض چل بسے ،ہلاکتوں کی تعداد54 ہو گئی جبکہ385نئے کیس رپورٹ ہوئے ۔اٹلی میں 566نئے کیس سامنے آگئے جبکہ 5مریض ہلاک ہو گئے ۔ تھائی لینڈ اور آسٹریلیا میں کرونا سے پہلی پہلی ہلاکت رپورٹ ہو ئی ۔جاپان میں مزید ایک مریض دم توڑ گیا جبکہ 11نئے کیس سامنے آئے ہیں۔بحری جہاز ڈائمنڈ پرنسس پر بھی ایک مریض دم توڑ گیا۔جنوبی کوریا میں586نئے کیس رپورٹ ہوئے جبکہ4مریض ہلاک ہو گئے ۔جرمنی میں 50،فرانس30، سپین 21،برطانیہ 12،عراق،بحرین 6،6،امریکہ، ہانگ کانگ5،5، سنگاپور،ملائشیا،آسٹریا 4،4، نیدرلینڈ، لبنان، فن لینڈ،چیک ریپبلک3،3، ناروے ،قطر2،2،کویت، تائیوان، الجیریا، بیلجئم، کروشیا میں مزید ایک ایک کیس سامنے آگیا۔آرمینیا اورڈومنیکن ری پبلک میں بھی کرونا کاپہلا کیس رپورٹ ہو گیا۔متاثرہ ممالک کی تعداد67ہو گئی جہاں متاثرین کی تعداد88,339ہو گئی ،42,728مریض صحتیاب ہو چکے جبکہ 7,607 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے ۔اٹلی کے بعد فرانس میں بھی کرونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کیلئے بڑے عوامی اجتماعات پر پابندی عائد کردی گئی ہے ۔عرب امارات کی وزارت تعلیم نے کرونا وائرس سے بچاؤ کیلئے حفظ ماتقدم کے طور پر سکولوں میں غیر نصابی سرگرمیاں تاحکم ثانی معطل کر دیں۔آسٹریلیا نے ایران سے آنے والے غیر ملکیوں کے ملک میں داخلے پر پابندی لگا دی ۔تفتان بارڈر کے ذریعے ایران سے مسافروں کی پاکستان آمد کا سلسلہ جاری ہے ۔ شیخ زاید ہسپتال اینڈمیڈیکل کالج رحیمیارخان میں ایران اور عراق سے واپس آنے والے 61زائرین کی سکریننگ کی گئی۔ کسی شخص میں کرونا کی نشاندہی نہیں ہوئی۔پمز ہسپتال میں کرونا کے شبہ میں ابتک اڑھاِئی سو سے زائد مریض معائنہ کیلئے آچکے ۔40 کے قریب افراد کے خون کے نمونے ٹیسٹ کیلئے این آئی ایچ کو بھجوائے گئے ۔ہسپتال ذرائع کا کہنا ہے ابتک دو مریضوں میں کرونا کی تصدیق ہوچکی ہے ۔ وزارت داخلہ نے افغانستان سے کرونا وائرس کی پاکستان منتقلی کے خطرے کے پیش نظر آج سے 7 مارچ تک چمن بارڈر بند کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ ڈی ایچ کیو ہسپتال پاراچنار میں آئسولیشن وارڈز قائم کردیے گئے ۔پاک افغان سرحد باب دوستی پر لوگوں کی سکریننگ کا عمل جاری ہے ۔پاک افغان دوستی ہسپتال طورخم ،لنڈیکوتل اور جمرود ہسپتالوں میں بھی آئسولیشن وارڈ قائم کیے گئے ہیں۔وزارتِ صحت اور قومی انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ کی شراکت داری سے کرونا وائرس کے حوالے سے ویب پورٹل متعارف کرا دیا گیا ہے ۔ کروناوائرس کے خدشات کے باعث سندھ بھر کے تمام سکول 13 مارچ تک بند رہیں گے ۔ وزیراعلیٰ سندھ کی زیرصدارت اجلاس میں کرونا وائرس سے بچنے کیلئے تدابیرپر بھی غور کیا گیا۔ محکمہ پرائمری و سیکنڈری ہیلتھ پنجاب نے تمام اضلاع کے سی ای اوز کی ویڈیو لنک میٹنگ کر کے ہدایات جاری کر دی ہیں۔ سی ای اوز کو کہا گیا ہے تمام ضلعی ہسپتالوں میں ایچ ڈی یو قائم کر کے 12 گھنٹوں کے اندر اندر رپورٹ جمع کرائیں۔ پنجاب حکومت نے غیر فعال سر کاری تعلیمی اداروں میں کرونا وائرس کیلئے آ ئسولیشن سنٹرز بنانے کا فیصلہ کیا ہے ۔چیف سیکر ٹری کی طرف سے غیر فعال سر کاری تعلیمی اداروں کی نشا ندہی کیلئے 48 گھنٹے کی ڈیڈ لائن دی گئی ہے ۔ معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا نے انکشاف کیا ہے چین میں کرونا سے 7 پاکستانی طلبہ متاثر ہوئے تھے جن میں سے 6 صحتیاب ہوچکے ۔ نجی ٹی وی پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر ظفر مرزانے کہا پاکستان میں متاثر چاروں مریضوں کی صحت بہتر ہورہی ہے اور وہ جلد مکمل صحتیاب ہوجائیں گے ۔