کراچی(رپورٹ:ایس ایم امین) کروناوائرس کے مقامی کیسزکی بڑھتی تعدادکے باعث ایشامیں ایران کے بعدپاکستان کوغیراعلانیہ طور پرکیٹگری ٹو میں شامل کرلیاگیا ہے ۔عالمی اداروں کی وارننگ کے بعدصوبائی حکومتوں کو مکمل لاک ڈاؤن کیلئے اقدامات تیز کرنے کی ہدایت کردی گئی ہے ۔کیٹگری ٹو میں شمولیت اورکروناکی وبامیں تیزی سے متعلق 2روزقبل عالمی ادارے کی طرف سے این ڈی ایم اے کوتفصیلات فراہم کی گئیں۔ملک بھرمیں کرونا کیسزکی بڑھتی تعداد بالخصوص مقامی کیسزنمودارہونے کی شرح میں اضافے کے بعد عالمی اداروں نے اظہارتشویش کرتے ہوئے پاکستان کوکیٹگری ٹومیں شامل کیاہے جبکہ مزیدمؤثرحفاظتی اقدامات نہ ہونے کے باعث صورتحال بگڑنے کااندیشہ ظاہرکیا ہے ۔معتمدترین سرکاری ذرائع کاکہناہے کہ2روزقبل اسلام آبادمیں این ڈی ایم اے کے اہم ترین اجلاس میں شریک عالمی اداروں کے ماہرین نے خبردارکیاکہ ملک میں کروناوائرس کی وباکنٹرول سے باہرہوسکتی ہے جسے پھیلنے سے روکنے کیلئے مزیداقدامات کرناہونگے ۔ذرائع کاکہناہے کہ حکومتی درخواست پردوست ملک ہونے کی بناپرکیٹیگری ٹومیں شمولیت کی تمام ترتفصیلات کوخفیہ رکھنے پراتفاق کیاگیا۔ اس صورتحال کے بعد صوبائی حکومتوں کوکروناوائرس کیخلاف ہنگامی اقدامات کے تحت لاک ڈاؤن کی ہدایت کی گئی جبکہ آئندہ چندروزمیں مکمل لاک ڈاؤن کی تیاری شروع کردی گئی۔سرکاری ذرائع کے مطاق وفاقی حکومت اور مقتدرحلقوں نے صوبائی حکومتوں کے ذریعے مزیداہم اقدامات کافیصلہ کرلیاہے اورعالمی اداروں کی تشویش سے مقتدرحلقوں کوبھی آگاہ کیاجاچکاہے تاہم اس ضمن میں لوگوں میں بے چینی پھیلنے کے خدشہ کے پیش نظر حکومتی پیشرفت کوخفیہ رکھنے کافیصلہ کیاگیاہے ۔بیرون ملک پاکستانیوں کوآئندہ 2ہفتے تک وطن واپس نہ لانے ،ملک کافضائی وزمینی رابطہ دنیابھر سے منقطع کرنے ،ملک بھرمیں فوج کی تعیناتی اوردیگراقدامات اسی سلسلہ کی کڑی ہیں ۔