کراچی (شوبز ڈیسک) معروف اداکارہ مایا علی نے کروناوائرس کے پیش نظر لگائے گئے لاک ڈاؤن کے باعث گھروں میں محصور مستحق افراد تک راشن پہنچانے کا بیڑا اٹھا لیا۔ اداکارہ مایا علی کرونا وائرس کے خلاف جنگ میں پیش پیش ہیں اور انہوں نے انسٹاگرام پر گزشتہ روز مستحقین کے گھروں تک راشن پہنچانے کا ذمہ اٹھانے کا اعلان کیا۔ کروناکا خوف: مایا علی نے پورے گھر کی صفائی کر ڈالی انہوں نے بتایا کہ اس کار خیر میں ان کی دوست و مشہور ڈیزائنر فائزہ سقلین نے بھی حصہ لیا۔اداکارہ نے اپنی پوسٹ میں اللہ تعالی کا شکریہ ادا کیا کہ انہیں ان نازک حالات میں لوگوں کی مدد کرنے کا موقع دیا اور ساتھ ہی ان تمام افراد کے لیے بھی اظہار تشکر کیا جو اس وقت ان کے ساتھ اس کارخیر میں تعاون کر رہے ہیں۔ اداکارہ نے کہا کہ ہمیں متحد قوم بن کر کورونا سے جنگ لڑنی ہے اور ان تمام افراد کی مدد کرنی ہے جو ضرورت مند ہیں۔اداکارہ نے راشن مہم میں اپنے ساتھ شامل ہونے کے لیے دوسروں سے بھی درخواست کی اور راشن بیگ میں شامل سامان اور اس کی قیمت بتاتے ہوئے یقین دہانی کرائی کہ یہ مستحقین تک ضرور پہنچے گا۔