لاہور،کراچی ،کوئٹہ ،پشاور،ملتان ،بیجنگ،واشنگٹن،ریاض (نمائندہ خصوصی سے ،جنرل رپورٹر، نیوز رپورٹر،92 نیوزرپورٹ، مانیٹرنگ ڈیسک،نیوزایجنسیاں)ملک بھر میں کرونا وائر س کے مزید 53مصدقہ کیسز سامنے آگئے ، متاثرہ مریضوں کی تعداد بڑھ کر237 ہوگئی۔ سندھ میں 172، پنجاب 26، بلوچستان 16، خیبر پختونخوا 16، اسلام آباد2 اور گلگت کے 5 شہریوں میں کرونا وائرس کی تصدیق ہو چکی ۔گزشتہ روز پنجاب میں 24، تفتان سے سکھر منتقل زائرین میں مزید 15، کراچی میں 7، بلوچستان میں6 اور خیبرپختونخوا میں ایک نئے کیس کی تصدیق ہوئی۔ وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کے ٹوئٹر اکاؤنٹ سے جاری بیان میں کہا گیا ہے پنجاب میں کروناوائرس سے متاثر ہونے والے مریضوں کی تعداد 26 ہو چکی ہے ۔حفاظتی اقدامات کو پیش نظر رکھتے ہوئے تمام مشتبہ مریضوں اور 736 زائرئن کو قرنطینہ میں رکھنے کا فیصلہ کیا گیا جبکہ تفتان سے آنے والے 1276 زائرین کو بھی قرنطینہ میں رکھا جائے گا۔ کراچی میں ریسٹورنٹس اور شاپنگ مال آج سے 15 روز کیلئے بند کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے تاہم شاپنگ مال میں راشن کی دکانیں کھلی رہیں گی۔ لاہور میں پریس کانفرنس کے دوران وزیر صحت پنجاب ڈاکٹر یاسمین راشد نے کہاعوام موجودہ صورتحال کو چھٹی نہ سمجھیں، یہ مجبوری ہے ،عوام ان دنوں میں صرف ضرورت کیلئے گھروں سے باہر نکلیں،سیروتفریح نہ کریں۔میو ہسپتال میں مشتبہ مریض کی ہلاکت کی کرونا ٹیسٹ کی رپورٹ منفی آگئی۔ مریض کی ہلاکت کرونا سے نہیں بلکہ جگر خرابی کی وجہ سے ہوئی۔50 سالہ عمران کا تعلق حافظ آباد سے تھا جو گزشتہ دنوں بیرون ملک سے واپس لوٹا تھا اور 14 روز قرنطینہ میں گزارے تھے ۔عمران کو گزشتہ رات تشویشناک حالت میں میو ہسپتال لایا گیا تھا، اسے آئی سی یو میں رکھا گیا مگر وہاں وینٹی لیٹر کی سہولت نہیں تھی جس کے بعد وہ انتقال کر گیا۔گجرات کے نواحی قصبہ شادیوال کے رہائشی سپین پلٹ نوجوان بشارت میں کرونا وائرس کی تصدیق کر دی گئی۔ تفتان سے ڈیرہ لائے گئے زائرین میں سے 5افراد میں کرونا وائرس کی تصدیق ہوگئی۔ سینکڑوں زائرین زرعی یونیورسٹی میں قرنطینہ میں موجود ہیں۔مشتبہ مریضوں کو طیب اردوان ہسپتال میں آئسولیشن وارڈ منتقل کر دیا گیا۔نشتر ہسپتال ملتان میں گزشتہ روز مزید دو مشتبہ مریض داخل ،آئی سو لیشن وارڈ میں زیر علاج مشتبہ مریضوں کی تعداد 5 ہو گئی۔ایک مریض کی رپورٹ نیگیٹو آنے پر ڈسچارج کر دیا گیا۔نشتر ہسپتال کی لیبارٹری سے کرونا پازیٹیو آنے والے مریض کے نمونے دوبارہ تشخیص کیلئے اسلام آباد بھجوا دئیے گئے ۔ گزشتہ روز تفتان سے سکھر آنے والے زائرین میں مزید 15جبکہ کراچی میں 7نئے کیسز کی تصدیق ہوئی۔ ترجمان حکومت سندھ بیرسٹر مرتضیٰ وہاب کا کہنا ہے صوبے میں کرونا وائرس کے متاثرین کی تعداد 172 ہوگئی ہے ۔وزیر اعلیٰ سندھ کی زیر صدارت کرونا ٹاسک فورس کے ہنگامی اجلاس میں 15روز کیلئے ریسٹورنٹس اور شاپنگ مال بند کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ وزیر اعلیٰ سندھ نے کہا ہم لوگوں کو ان کے گھروں تک محدود کرنا چاہتے ہیں۔ترجمان وزیر اعلیٰ سندھ کے مطابق کریانہ سٹورز ، سبزی ، مچھلی مارکیٹ ، گوشت کی دکانیں کھلی رہیں گی۔ہوٹل ریسٹورنٹ، مالز کی بندش کا اطلاق آج سے ہوگا۔ سرکاری دفاتر کل تک بند کردئیے جائینگے ۔شاپنگ مالز میں راشن کی دکانیں کھلی رہیں گی۔انٹر سٹی بس سروس بھی بند کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔کراچی میں لگنے والے تمام بچت بازاروں کو بند کرنے کا حکم دیدیا گیا۔ بلوچستان میں کرونا کے مزید6کیس سامنے آگئے ۔ ترجمان بلوچستان حکومت کے مطابق بلوچستان میں کرونا سے متاثر افراد کی تعداد 16ہوگئی۔خیبرپختونخوامیں بھی کروناوائرس کاایک اورکیس سامنے آگیا ۔صوبائی وزیر صحت تیمور سلیم جھگڑا کے مطابق صوبے میں کرونا سے متاثرہ مریضوں کی تعداد 16 ہوگئی ہے ،متاثرہ مریض کاتعلق ایبٹ آبادسے ہے جو چندروزپہلے برطانیہ سے آیاتھا۔ریلوے حکام نے کرونا وائرس کے پیش نظر ٹرین آپریشن محدود کرنے پر غور شروع کردیا۔ادھر دنیا بھر میں کرونا وائر س سے ہلاکتوں کی مجموعی تعداد7,927ہو گئی۔ گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں دنیابھرمیں کرونا وائر س سے مزید800افراد ہلاک ہوگئے جبکہ14,685نئے کیس سامنے آگئے ۔متاثرہ ممالک کی تعداد163ہو گئی جہاں متاثرین کی تعداد197,135 ہو گئی جن میں سے 81,683مریض صحتیاب ہو چکے جبکہ7,029کی حالت تشویشناک ہے ۔لندن میں کرونا سے متاثر ہونے والا پہلا پاکستانی جاں بحق ہوگیا۔60سالہ پاکستانی نژاد برطانوی شہری کی فیملی نے تصدیق کردی۔جاں بحق شخص کا تعلق گوجر خان سے ہے ۔جاں بحق شخص کی فیملی کومشرقی لندن میں سنٹر میں منتقل کردیا گیا ۔اٹلی میں 345افراد ہلاک جبکہ 3,526مزید متاثر ہو گئے ۔سپین میں191ہلاکتیں جبکہ 1,806 نئے کیس، ایران میں 135ہلاک جبکہ1,178 نئے کیس، فرانس میں27مریض ہلاک، 1,097 نئے کیس،نیدرلینڈز میں 19ہلاک، 292نئے کیس، برطانیہ میں 16 ہلاک،407نئے کیس،چین میں 13 ہلاکتیں اور 21مریض،امریکہ میں 13ہلاک،1,228نئے کیس،سوئٹزر لینڈمیں 8 اموات، 389 نئے کیس،جرمنی میں 6ہلاکتیں،1,954نئے کیس، جنوبی کوریا میں 6اموات،84نئے مریض، جرمنی میں7ہلاکتیں، 2,080نئے متاثرین رپورٹ ہوئے ۔بھارت میں 3ہلاک ہوگئے ۔ملائشیا، مصر،انڈونیشیا، سان مرینومیں2،2، عراق، مراکو، الجیریا،پولینڈ ، آسٹریا، برازیل،ناروے ، سویڈن، جاپان، کینیڈا، آئس لینڈ، یونان،یوکرائن، بنگلہ دیش میں ایک ایک مریض چل بسا۔آسٹریا 314،بلجیم 185،پرتگال 117،ملائشیا107،برازیل67،رومانیہ 54، سعودی عرب میں38نئے کیس رپورٹ ہوئے ہیں۔عالمی ادارہ صحت ڈبلیو ایچ او نے کرونا وائرس کو موجودہ دور کا ’صحت کا سب سے بڑا بحران‘ قرار دیدیا ۔سعودی عرب کی تمام مساجد میں جمعہ سمیت باجماعت نماز کی ادائیگی روک دی گئی ہے ۔ عرب میڈیا کے مطابق صر ف مسجد الحرام اور مسجد نبوی میں باجماعت نماز ہوگی۔ترکی نے ایک عمرہ زائر میں کرونا وائرس کی تصدیق کے بعد10 ہزار عمرہ زائرین کو قرنطینہ کر دیا۔بھارت نے یورپی ممالک سمیت 30 ممالک کے شہریوں کے داخلے پر 31 مارچ تک پابندی عائد کردی۔دی اکنامکس ٹائمز کے مطابق بھارت نے نہ صرف یورپ، برطانیہ و ترکی جیسے ممالک کے شہریوں پر ملک میں داخلہ ہونے پر پابندی عائد کردی بلکہ بیرون ممالک رہنے اور وہاں کی شہریت رکھنے والے بھارتی افراد کے داخلے پر بھی پابندی عائد کردی۔بھارتی حکومت نے تاج محل کو بھی بند کر دیا ۔کینیڈا نے تمام سرحدیں اور فضائی سروس بندکرنے کااعلان کر دیا۔ ایران میں کرونا کا ممکنہ پھیلاؤ روکنے کیلئے 85 ہزار قیدی عارضی رہا کردیے گئے ۔ روس نے آج سے سرحدیں بند کرنے کا اعلان کردیا۔ پرتگال اور سپین نے بھی دونوں ممالک کے مابین درمیان پروازیں اور ٹرین سروس معطل کردی اور سرحدیں بند کردی ہیں۔ارجنٹائن نے اپنے شہریوں کے سوا تمام لوگوں کیلئے 15 مارچ سے سرحدیں بند کردیں۔کوسٹاریکا نے 16 مارچ سے 12 اپریل تک اپنی سرحدیں بند کردیں۔قبرص میں صرف اس کے شہریوں اور کام کرنے والے یورپی باشندوں کوآنے کی اجازت ہوگی۔کولمبیا نے 17مارچ سے 30 مئی تک اپنی تمام سرحدیں مکمل طور پر بند کردیں۔جمہوریہ چیک نے سرحدیں جزوی طور پر بند کیں۔ڈنمارک نے اپنے شہریوں کے سوا سب کیلئے اپنی سرحدیں بند کردیں۔ایلسلواڈورکے صدر اور ایسٹونیا نے غیرملکیوں کے داخلے پر پابندی لگا دی۔گھانا نے ان ممالک کے شہریوں پر پابندی لگا دی جہاں 20 سے زائد کرونا کیسز ہیں۔ہنڈوراس نے اپنی تمام سرحدیں بند کردیں۔ہنگری میں صرف اس کے شہریوں کو آنے کی اجازت ہوگی۔اردن نے اپنے ملک پروازوں کی آمدورفت پر پابندی لگا دی۔کینیا نے کرونا سے متاثرہ ممالک کے شہریوں کی آمد پر پابندی لگا دی۔لٹویا میں 17 مارچ سے فضا، سمندر، سڑک اور ریل کے راستے سے سفر پر پابندی لگا دی۔ملائیشیا نے اپنے شہریوں کو بیرون ملک جانے اور غیرملکیوں کو آنے سے روک دیا۔مالدووا نے تمام غیرملکیوں کیلئے فضائی حدود اور سرحدیں بند کردیں۔ناروے نے ایئرپورٹ عارضی بند کردیئے ۔سلوواکیہ نے غیرملکیوں کیلئے سرحدیں بند کردیں۔فرانس نے کرونا وائرس کے اثرات سے نمٹنے کیلئے 45 بلین یوروامداد کا اعلان کر دیا۔فرانسیسی صدر عمانویل میکغوں نے کہا ہے کرونا وائرس سے متاثرہ علاقوں میں فوج تعینات کی جائے گی۔ کرونا پھیلائو روکنے کیلئے نیوجرسی میں کرفیو نافذ کردیاگیا۔ پینٹاگان نے تصدیق کی ہے کہ امریکی وزیر دفاع مارک ایسپر اور ان کے نائب کو کرونا کے شبے میں قرنطینہ منتقل کردیا گیا ہے ۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا ہے جولائی تک کرونا پر قابو پالیں گے ۔ لوگ اجتماع سے گریز کریں اور دس سے زائد افراد ایک جگہ جمع نہ ہوں۔سپین کے وزیراعظم بیڈرو سانشیز نے سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سے ٹیلفیون پر بات چیت کی اور کرونا کی وباکے تدارک پر تبادلہ خیال کیا ۔دونوں رہنمائوں نے کرونا سے نمٹنے کیلئے مشترکہ کوششوں پر اتفاق کیا ۔ فن لینڈکی وزیراعظم نے کروناوائرس کوپھیلنے سے روکنے کی کوشش کے طورپر ہنگامی اقدامات کااعلان کیا ہے ،جس میں عوامی اورتعلیمی اداروں کی بڑے پیمانے پربندش اوردس سے زائدافرادکے اجتماع پرپابندی شامل ہے ۔چین نے کرونا وائرس کیخلاف بنائی جانے والی اپنی پہلی ویکسین کے کلینیکل تجربات کی اجازت د یدی ہے ۔ یورپی یونین نے کہا ہے تمام وسائل کو بروئے کار لاتے ہوئے کرونا وائرس کے نتیجے میں پیدا ہونے والے منفی معاشی نتائج کا مقابلہ کریں گے ۔