لاہور ،اسلام آباد ،کراچی، بیجنگ (جنرل رپورٹر ، سپیشل رپورٹر ، مانیٹرنگ ڈیسک ، نیوزایجنسیاں ) کرونا وائر س سے اموات کا سلسہ تھم نہ سکا،24گھنٹوں میں مزید 118افراد ہلاک ہوگئے ۔ہلاکتوں کی مجموعی تعداد2130ہو گی جبکہ 468نئے کیس سامنے آئے ہیں۔ چین میں مزید 115مریض دم توڑ گئے جس سے ہلاکتوں کی تعداد 2119ہو گئی جبکہ 394نئے کیس سامنے آئے ہیں۔جاپان میں قرنطینہ کیے گئے بحری جہاز ڈائمنڈ پرنسس پر مزید 13مسافروں میں کرونا وائرس کی تصدیق ہوگئی جس کے بعد متاثرین کی تعداد634ہو گئی ہے جبکہ 2 مریض ہلاک ہو گئے ۔جنوبی کوریا میں46نئے کیس رپورٹ ہوئے جبکہ ایک مریض ہلاک ہو گیا۔جاپان میں8، ہانگ کانگ میں 2 ، ایران میں 3،سنگاپور اور تائیوان میں مزید ایک ایک کیس سامنے آیا۔دنیا بھر میں کے 30متاثرہ ممالک میں متاثرین کی تعداد 75777ہو گئی جن میں سے 16889مریض صحتیاب ہو چکے جبکہ 12064مریضوں کی حالت تشویشناک ہے ۔بیجنگ میں ہونے والا شنگھائی فیشن ویک کرونا وائرس کی وجہ سے ملتوی کر دیا گیا۔ شنگھائی میں کرونا وائرس کے علاج کیلئے پلازما تھراپی کا آزمائشی استعمال کیا جارہا ہے ۔ عالمی ادارہ صحت کا کہنا ہے کرونا وائرس کیخلاف طریقہ علاج کے سلسلے میں پلازما تھراپی ایک اہم دریافت ہے ۔کراچی میں کرونا وائرس کا مشتبہ کیس سامنے آگیا ۔ محکمہ صحت سندھ کے مطابق چند دن قبل چین سے واپس آئے 22 سالہ پاکستانی طالبعلم میں کرونا وائرس کی علامات ظاہر ہوئیں جس پر اسے مشتبہ قرار دیتے ہوئے ڈاؤ یونیورسٹی ہسپتال میں داخل کرادیا گیا اور خو ن کے نمونے قومی ادارہ برائے صحت اسلام آباد روانہ کر دیئے ہیں۔پنجاب حکومت کی جانب سے کرونا وائرس سے نبرد آزما ہونے کیلئے ڈاکٹروں اور معاون عملے کی ٹریننگ کا عمل مکمل کر لیا گیا ۔پنجاب بھر میں بڑے ہسپتالوں کے ڈاکٹر اورمعاون عملے کی تربیت ریکارڈ دو ہفتوں میں مکمل کی گئی۔سیکرٹری پرائمری اینڈ سکینڈری ہیلتھ کئیر کیپٹن (ر) عثمان نے نشتر یونیورسٹی ملتان میں کرونا ٹریننگ کی اختتامی تقریب میں شرکت کی ۔ دریں اثناء وزیراعظم عمران خان نے چینی صدر شی جن پنگ سے ٹیلیفونک رابطہ کرکے کرونا وائرس سے ہونے والی ہلاکتوں پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔ترجمان وزیر اعظم آفس کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے چین کے صدر شی جن پنگ کو فون کیا اور کرونا وائرس سے پیدا ہونے والی صورتحال کے تناظر میں چینی قیادت اورعوام کیساتھ پاکستان کی طرف سے مکمل یکجہتی کا اظہار کیا۔وزیر اعظم نے کرونا سے ہونے والے جانی نقصانات پر چینی صدر کیساتھ تعزیت کا اظہار کیااور کرونا وائرس کی روک تھام اور اس پر قابو پانے کیلئے چین کی طرف سے کی جانے والی انتھک کوششوں کو سراہا۔وزیراعظم نے چینی عوام کی مدداور وائرس سے نمٹنے کیلئے فیلڈ ہسپتال اور ڈاکٹروں کی ٹیم چین بھیجنے کی پیشکش کرتے ہوئے کہا مشکل وقت میں پاکستانی عوام اور حکومت چین کیساتھ کھڑے ہیں۔چینی صدرنے عمران خان کاشکریہ اداکیااورچین میں موجودپاکستانی طلبہ کاہرطرح سے مکمل خیال رکھنے کی یقین دہانی کرائی۔ چینی صدرنے کہا چین کرونا وائرس سے نمٹنے کیلئے مؤثر، بروقت اور بھرپور اقدامات کررہا ہے ۔چین کرونا کیخلاف جنگ میں سرخرو ہو کر سامنے آئے گا۔ چین پاکستانی طلبہ کیساتھ اپنوں جیسا سلوک کر رہا ہے اور ان کی حفاظت، صحت اور بھلائی کیلئے کوئی کسر اٹھا نہیں رکھی جائے گی۔انہوں نے پاکستان اور چین کے درمیان اقتصادی شراکت داری کو نئی بلندیوں تک لے جانے کے چین کے عزم کا اظہار کیا اور کہا ان تعلقات کو مضبوط بنانے کیلئے سی پیک اہم ثابت ہوگا۔