راولپنڈی (مانیٹرنگ ڈیسک) کرونا کیخلاف جنگ میں بحریہ ٹاؤن بھی میدان عمل میں آگیا ، چیئرمین ملک ریاض نے کرونا پھیلاؤ روکنے کے اقدامات کرنے کااعلان کردیا، ایک بیان میں ملک ریاض نے کہا آج سے بارہ کہو میں جراثیم کش سپرے شروع کردیا جائے گا اور 2 روز میں علاقے کو جراثیم سے پاک کردیا جائے گا۔اس حوالے سے سپرے کیلئے جدید مشینری منگوا لی گئی ہے جو بارہ کہو پہنچائی جارہی ہے ۔یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ بحریہ ٹاؤن کراچی سمیت تمام شاخوں میں پہلے ہی جراثیم کش سپرے کیا جاچکا ہے ۔یادرہے بحریہ ٹاؤن کے درآمدشدہ ملٹی فنکشن ڈسٹ سپریشن سپرے ٹرکس کا بھی بھرپوراستعمال کیا جارہا ہے ،ان ٹرکس کی مدد سے ڈبلیو ایچ او کے تجویز شدہ سٹینڈرڈ کے مطابق تیارکردہ کلورین سلوشن کا روزانہ کی بنیادپر بحریہ ٹاؤن کراچی کے رہائشی اور عوامی مقامات پر سپرے کیا جارہا ہے جبکہ بحریہ ٹاؤن انٹرنیشنل ہسپتالوں کے ذریعے ہسپتال کے عملے اور عوام کی صحت وتحفظ کو بھی یقینی بنایاجارہا ہے جس کیلئے بحریہ ٹاؤن ڈاکٹرز اور میڈیکل سٹاف کے بلند حوصلے اور ان کی خدمات کو خراج تحسین پیش کرتا ہے ۔