لاہور (سٹاف رپورٹر)امیرجماعت اسلامی صوبہ وسطی پنجاب و صدر ملی یکجہتی کونسل پنجاب وسطی محمد جاوید قصوری نے کہا ہے کہ جماعت اسلامی کے کارکنان ’’کروناآگاہی مہم‘‘کے حوالے سے پوری طرح سرگرم ہیں۔کرونا کے خوف نے حکمرانوں کو اپنی گرفت میں لے لیا ہوا ہے ۔کرونا عالمی وباء کی شکل اختیار کر چکا ہے ۔ پاکستان میں کرونا سے ہلاکتیں تشویش ناک ہیں ۔ حکمرانوں کے اقدامات محض زبانی کلامی حد تک محدود ہیں ۔متاثرین کی تعدا د 1200سے تجاوز کر چکی ہے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز کرونا سے متعلق ہونے والے اہم اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔انہوں نے کہاکہ ملک میں آئین وقانون اور جمہوریت کی بالادستی ہی ترقی کی ضامن ہے ۔تمام ترقی یافتہ ممالک نے اسی راستے پر چلتے ہوئے دنیامیں اپناآپ منوایاہے ۔موجودہ ملکی حالات کے پیش نظر بیرونی سرمایہ دار پاکستان میں سرمایہ کاری کرنے کی بجائے دوسرے ممالک کارخ کررہے ہیں۔ملکی حالات کی بے یقینی نے عوام کو مایوس کر دیا ہے ۔جماعت اسلامی ہی پاکستان کے عوام کے دکھوں کا مداوا کر سکتی ہے ۔ انہوں نے کہاکہ مٹھی بھر اشرافیہ پورے ملک پرقابض ہے ۔72برس سے جاگیرداروں،وڈیروں اور سرمایہ داروں نے عوام کو یرغمال بنایاہواہے ۔ جماعت اسلامی ملک میں ایسا نظام چاہتی ہے جس میں غریب اور کمزوروں کو بھی وہی حقوق حاصل ہوں جو وزیروں اورمشیروں کو حاصل ہوتے ہیں ۔