لاہور(اپنے رپورٹر سے )کرونا وائرس کے موثر سدباب کے لیے محکمہ بلدیات پنجاب کی کاوشیں جاری ہیں۔محکمہ بلدیات پنجاب نے صوبے کے تمام اضلاع میں ڈپٹی کمشنرز اور ویسٹ مینجمنٹ کمپنیوں کی انتظامیہ کو ہدایت جاری کی ہے کہ صفائی ستھرائی کے امور پر مقرر عملے بالخصوص سینٹری ورکرز کے لئے ذاتی حفاظتی سامان کی فراہمی یقینی بنائی جائے ۔ انتظامیہ متعلقہ اضلاع میں قائم مختلف قرنطینہ مراکز پر فرائض سر انجام دینے والے صفائی عملے کا کرونا وائرس اور دیگر جراثیم سے تحفظ لازمی یقینی بنائے ۔ سیکریٹری بلدیات پنجاب احمد جاوید قاضی نے انتظامیہ کو ہدایت جاری کرتے ہوئے تاکید کی ہے کہ صفائی عملہ کو پابند کیا جائے کہ وہ قرنطینہ میں داخلے سے قبل حفاظتی گاؤن، ایپرن، ماسک، گلوز اور شو کور ضرور پہنے جبکہ قرنطینہ مراکز کے علاوہ دیگر مقامات پر کام کرنے والا صفائی عملہ بھی کم از کم ماسک اور گلوز ضرور پہنے ۔ سیکرٹری بلدیات نے کہا ہے کہ بڑے شہروں میں سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کے حوالے سے وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے بھی خصوصی احکامات دے رکھے ہیں لہٰذااس سلسلے میں ڈپٹی کمشنرز اور ویسٹ مینجمنٹ کمپنیوں کی انتظامیہ خصوصاً مستعدی کا مظاہرہ کرے ۔ کرونا وباء کے اس کٹھن وقت میں قوم کے لئے اپنی زندگیوں کو داؤ پر لگا کر خدمات سر انجام دینے والے سبھی شعبوں کے افراد کا جذبہ لائق تحسین ہے لیکن صفائی پر مامور عملہ خاص حوصلہ افزائی کا مستحق ہے ۔