لاہور،اسلام آباد،کراچی، کوئٹہ ،پشاور (رپورٹنگ ٹیم،92 نیوز رپورٹ،مانیٹرنگ ڈیسک ، نیوزایجنسیاں) ملک بھر میں کرونا وائرس کے 153نئے کیس سامنے آنے کے بعد متاثرین کی مجموعی تعداد 457 ہوگئی۔ بلوچستان 58، پنجاب 45، سندھ 37، خیبر پختونخوا 4 اور گلگت میں 8 نئے کیس سامنے آئے ہیں۔راولپنڈی میں بھی کروناکاپہلامریض سامنے آگیا ہے ۔وزیراعلی پنجاب عثما ن بزدار نے اپنے ٹویٹ میں اس کی تصدیق کی ۔ انہوں نے بتایا کہ پنجاب میں متاثرہ مریضوں کی تعداد 80 ہو گئی،ذرائع کے مطابق 40سالہ زیب کو 4 روز قبل ایئرپورٹ سے بینظیرہسپتال منتقل کیاگیا تھا، زیب نوردبئی سے پاکستان پہنچاتھا۔ وزیر صحت پنجاب یاسمین راشد نے میڈیا سے گفتگو میں بتایا صوبے میں کروناوائرس کے متاثرین میں سے 60 لوگ وہ ہیں جو زائرین اور ہمارے قرنطینہ مراکز میں موجود ہیں۔ لاہور میں مریضوں کی تعداد 14جبکہ گجرات میں کنفرم مریض 4 ہوگئے ۔ سب سے زیادہ 55مریض ڈی جی خان اور ملتان میں تعداد 5 ہو گئی۔پنجاب حکومت نے 384مشتبہ مریضوں کے ٹیسٹ مکمل کرلئے جن میں سے 320مشتبہ مریضوں کے ٹیسٹ رپورٹس نیگٹیو آئی ہیں۔ابتک نجی لیب نے 14جبکہ سرکاری لیب نے 64 کنفرم مریضوں کے ٹیسٹ کئے ۔گگومنڈی میں کروناوائرس کاپہلاکیس سامنے آگیا۔متاثرہ اظہرعلی ہفتہ قبل کراچی سے نواحی گاؤں315ای بی آیاتھا۔مریض کوتحصیل ہیڈکواٹرز ہسپتال منتقل کردیاگیا۔ پنجاب حکومت نے 21کروڑ70لاکھ روپے کا حفاظتی سامان خرید لیا ۔ترجمان پرائمری اینڈ سکینڈری ہیلتھ کئیر کے مطابق 16کروڑ روپے سے حفاظتی گاون، 2کروڑ کے N95ماسک، 93لاکھ کے گلوز، 11لاکھ کے سرجیکل ماسک خریدے گئے ۔84 لاکھ کی عینکیں،44لاکھ 60 کے شو کور،7لاکھ روپے کے لونگ شوز، 35لاکھ روپے سے سینی ٹائزر ،29لاکھ سے فیس شیلڈ، 12لاکھ سے ایگزامی نیشن گلوز،48لاکھ کے سرجیکل گلوز خریدے گئے ۔ پنجاب حکومت نے 4اپریل تک گھروں میں بھی ہر قسم کی تقریبات پر پابندی لگا دی ۔سندھ میں کورونا وائرس کے مزید 37 کیسز سامنے آئے ہیں جس کے بعد صوبے میں مجموعی تعداد 245 ہوگئی ۔ترجمان محکمہ صحت نے بتایا تمام 37 کیس کراچی میں رپورٹ ہوئے جبکہ ایک متاثرہ شخص کے رابطہ میں رہنے والے افراد کے بھی ٹیسٹ کے نتائج مثبت آئے ہیں۔حکام کے مطابق صوبے میں کرونا وائرس سے صحتیاب ہونے والے افراد کی تعداد3 ہوگئی ۔ وزیراعلیٰ سندھ کی زیرصدارت اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ کراچی کے ایکسپو سنٹر میں بھی ایک ہسپتال قائم کیا جائے گا جو 10 ہزار بستروں پر مشتمل ہوگا۔ترجمان وزیراعلیٰ سندھ کے مطابق کور کمانڈر کراچی اور سندھ حکومت کی ٹیم بنائی جا رہی ہے جو یہ کام سر انجام دے گی جبکہ سعید غنی حکومت سندھ کی طرف سے کمیٹی کی سربراہی کریں گے اور ٹیم میں کمشنر کراچی بھی شامل ہوں گے ۔ کور کمانڈر کراچی کی طرف سے بریگیڈئیر سمیع اور ان کی ٹیم ہوگی۔وزیراعلیٰ سندھ نے 20 لاکھ راشن بیگ عوام میں تقسیم کرنے کی ہدایت کی جس میں چاول، آٹا، تین اقسام کی دالیں، گھی، چینی، چائے کی پتی، خشک دودھ اور مصالحہ جات شامل ہوں گے ۔اجلاس میں شریک کورکمانڈر کراچی نے حکومت سندھ کو ہر طرح کی مدد کی یقین دہانی کرا دی ۔ ترجمان سندھ حکومت کے مطابق راشن بیگز کی تیاری اور تقسیم میں پاک فوج مدد کرے گی۔بلوچستان میں کرونا وائرس کے مزید 58 کیسز سامنے آگئے ۔ترجمان بلوچستان حکومت لیاقت شاہوانی نے نئے کیسز کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا صوبے میں ابتک 81 افراد میں کرونا وائرس کی تصدیق ہو چکی ۔بلوچستان حکومت نے صوبے میں میڈیکل ایمرجنسی نافذکردی۔ وزیراعلیٰ جام کمال نے کہا حکومت بلوچستان لاک ڈائون کی صورت میں متاثرین کی مالی معاونت کرے گی۔ تفتان سے مزید 1600سے زائد زائرین کو پنجا ب روانہ کردیا گیا ۔ 1660زائرین کو 43بسوں میں پنجاب روانہ کردیا گیا۔خیبرپختونخوا میں مزید 4 کیسز کی تصدیق کے بعد صوبے میں مجموعی تعداد 23 ہوگئی۔محکمہ ریلیف خیبر پختونخوا نے کرونا وائرس کے پیش نظر غیر ضروری محکمے بند کرنے کااعلامیہ جاری کردیا ۔محکمہ صحت گلگت بلتستان کے فوکل پرسن ڈاکٹر شاہ زمان نے مزید 8 کیسز کی تصدیق کرتے ہوئے کہا گلگت بلتستان میں کروناوائرس کے مریضوں کی مجموعی تعداد 21 ہوگئی ہے ۔ پمز ہسپتال میں زیرعلاج کرونا کا مریض صحتیاب ہوگیا ۔ذرائع کے مطابق پمز میں زیرعلاج مریض کا کرونا ٹیسٹ نیگیٹو آ گیا، مریض کی عمر 61 برس اور تعلق سکردو سے ہے ۔اس کو گزشتہ روز پمز ہسپتال سے ڈسچارج کر دیا گیا۔سکھر کی ضلعی انتظامیہ کے مطابق تفتان سے مزید زائرین کو قرنطینہ سنٹر لایا گیا جہاں زائرین کی تعداد1050 ہوگئی ہے جبکہ کراچی سے ماہر ڈاکٹروں کی ٹیم قرنطینہ سنٹرپہنچ گئی۔سکھر میں انتظامیہ نے حفاظتی انتظامات کے تحت سکھر کی تمام مارکیٹیں، شاپنگ مالز اور چائے خانے بند کرادیے ہیں۔ وفاقی حکومت نے دوہفتے کیلئے واہگہ بارڈر سیل کرنے کا حکم دیدیا ۔د وزارت داخلہ نے نوٹیفکیشن جاری کردیا ہے ۔پاکستان کی نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی( این ڈی ایم اے ) نے کورونا وائرس کے بڑھتے کیسز کے پیشِ نظر ملک کے بڑے ہوٹلز کو قرنطینہ سنٹرز میں تبدیل کرنے کی تجویز دی ہے ۔ کرونا وائرس کے باعث پنجاب حکومت نے تمام دفاترز میں عوام کا داخلہ بند کردیا۔سول سیکرٹریٹ میں بھی عوام کو داخلے سے روک دیا گیا ۔سرکاری دفاتر میں صرف متعلقہ اہلکار ڈیوٹی پر موجود ہوں گے ، باقی ماندہ سٹاف بذریعہ سکائپ، واٹس ایپ کام کریں گے اور کال پر موجود رہیں گے ۔محکمہ ٹرانسپورٹ پنجاب نے سندھ جانے والی پبلک ٹرانسپورٹ بند کردی۔پنجاب کے سیکرٹری ٹرانسپورٹ کے مطابق کرونا وائرس کے پھیلاؤکے خدشے کے پیش نظر سندھ کیلئے پبلک ٹرانسپورٹ بند کردی گئی تاہم پنجاب کے اندرانٹر سٹی ٹرانسپورٹ چلتی رہے ۔ وزارت مذہبی امور نے کرونا وائرس کے سبب عازمین حج کے تربیتی پروگرام معطل کردیے ۔وفاقی وزیر برائے مذہبی امور پیر نور الحق قادری کا کہنا ہے سعودی عرب سے رابطے میں ہیں، عازمین حج کو مناسک کی آگاہی سوشل میڈیا کے ذریعے جاری ہے ۔پشاور میں ضلعی انتظامیہ نے کینال ٹاؤن کی ایک گلی کو قرنطینہ قرار دیدیا جبکہ سفید ڈھیر ی کے مخصوص علاقے کو لاک ڈائون کردیا گیا۔ مردان میں کرونا وائرس کے مریض کے انتقال کے بعد یونین کونسل منگاہ کو لاک ڈاؤن کر دیا گیا ہے اور یونین کونسل کے داخلی راستوں پر پولیس تعینات کر دی گئی ہے ۔ڈپٹی کمشنر کے مطابق شہر میں 3 قرنطینہ مراکز قائم کردیے گئے ہیں۔ڈپٹی کمشنر اسلام آباد نے 10 سے زائد افراد کے ایک جگہ جمع ہونے پر پابندی عائد کردی ۔ فارم ہائوسز ، نجی املاک اور گھروں میں بھی شادی کے نام پر 10 سے زائد افراد اکٹھے نہیں ہوسکیں گے ۔ متحدہ عرب امارات نے تمام وزٹ ویزے منسوخ کر دیئے ، متعدد سیاح وزٹ ویزوں پر دبئی پہنچے تو انہیں واپس بھیج دیا گیا۔ پی آئی اے نے یو اے ای کیلئے پروازیں منسوخ کردیں۔پی آئی اے امارات میں موجود پاکستانیوں کو وطن واپس لانے کیلئے آج 5 فیری فلائٹس چلائے گی۔ اسلام آباد (خبر نگار خصوصی، مانیٹرنگ ڈیسک ) وزیراعظم عمران خان کی معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان، معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا اور پاک فوج کے ترجمان میجر جنرل بابر افتخار نے گزشتہ روزمشترکہ پریس کانفرنس کی۔ ڈاکٹر ظفر مرزا نے کہا پوری قوم متحد ہوتی ہوئی نظر آرہی ہے ، صحت کے شعبے میں تعاون کیلئے چین سے بات چیت ہوئی ،آئندہ چند روز میں چینی ماہرین کیساتھ ویڈیو کانفرنسنگ شروع کررہے ہیں۔ ہمیں سماجی میل جول میں کمی اور فاصلے کی ضرورت ہے ، 326 میں سے زیادہ تر افراد بیرون ملک سے وائرس کے باعث متاثر ہوئے ، مقامی سطح پر رابطے سے کرونا وائرس کے کیسز بہت کم ہیں۔ظفر مرزا نے کہا ہسپتالوں میں بلا ضرورت نہ جائیں، اگرجاناپڑجائے تو زیادہ لوگوں کو ساتھ لیکرنہ جائیں۔کرونا پر معلومات فراہم کرنے کیلئے ویب سائٹ لانچ کردی ۔فردوس عاشق اعوان نے کہا کرونا وائرس سے نمٹنے کیلئے حکومت اور سٹیک ہولڈرز متحرک ہیں، قرنطینہ میں موجود زائرین سے وزیراعظم نے مسائل سنے ، وفاقی اور صوبائی حکومت اپنی ذمہ داریاں پوری کررہی ہیں۔ ہمیں بحیثیت قوم اس کا مقابلہ کرنا ہے ، کرونا وائرس کی وجہ سے دنیا بھر میں معیشت کو دھچکا لگا ، پاکستان میں بھی اس کے اثرات ہیں، ڈیلی ویجر عوام کی جان و مال اور صحت کی حفاظت حکومت کی ذمہ داری ہے ،ہمیں کسی قسم کی غذائی قلت کا سامنا نہیں، مصنوعی بحران اور ناجائز منافع خوروں کیخلاف وزیراعظم نے صوبائی حکومتوں کو ہدایات دیدی ہیں۔فردوس عاشق اعوان نے کہا صوبائی حکومتیں وفاق کے ا شتراک سے دن رات محنت کررہی ہیں،صوبائی حکومتوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں، اپنی ذمہ داری میں کوئی کوتاہی نہیں کی،کوشش ہے محنت کشوں کیلئے اقدامات اٹھائیں ۔انہوں نے کہا تین نکات پر کام کیاجا رہاہے ،عوام کوباربارتاکیدکی جا رہی ہے پرہجوم محفلوں میں نہ جائیں۔ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل بابر افتخارنے کہا جہاں ضرورت ہے وہاں قرنطینہ کیلئے پاک فو ج کی طرف سے مدد کی جا رہی ہے ۔ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے فارمیشنز کو ہدایت دی ہے کہ وہ کرونا وائرس کے معاملے پر سول حکومت کی ہرممکن مدد کریں اور جہاں جہاں ضرورت ہے قرنطینہ سنٹرز کے قیام کیلئے بھی سول حکومت کی معاونت کی جائے جبکہ ایئرپورٹس پر بھی فوجی حکام سول حکومت کی مدد کیلئے موجود ہیں اور ملکر سکریننگ کے نظام کو بہتر بنائیں گے ۔ حکومت کے تمام احکامات پر عمل کررہے ہیں ۔ وبا سے نمٹنے کیلئے میڈیکل پلان آف ایکشن تیارکرلیا گیا ، مسلح افواج کی میڈیکل فیسیلٹیز کو ایمرجنسی کی صورت میں استعمال کیاجاسکے گا، پاکستان رینجرز سول اداروں کی معاونت کررہی ہے ۔ موبائل کمپنیز کیساتھ ملکر پبلک سروس میسیجز بھیجے جارہے ہیں، نیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول سنٹر قائم کیا گیا ہے ۔کرائسز اور رسک مینجمنٹ سٹریٹجی بناچکے ہیں۔موجودہ صورتحال میں علماء ،دانشور اور ہر شخص آگے بڑھے اور اپنا کردار ادا کرے ، عوام کا اعتماد افواج پاکستان کا اثاثہ ہے ، ہمیں احتیاط سے اس کا مقابلہ کرنا ہے ، صبر آزما مرحلہ ہے اور ملکر ہی اس کا مقابلہ کرسکتے ہیں۔میجرجنرل بابرافتخارنے کہامسلح افواج سول اداروں کیساتھ ملکر تمام وسائل بروئے کار لارہی ہے ۔بابرافتخارنے کہا موجودہ صورتحال میں ہم سب نے ملکر انفرادی اور اجتماعی کردار ادا کرنا ہے ۔