لاہور(خصوصی نمائندہ،جنرل رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارنے لارنس روڈ پر محکمہ سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن کا دورہ کیااور محکمہ سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن کے کمیٹی روم میں اعلیٰ سطح کے اجلاس کی صدارت کی ،جس میں کرونا وائرس کے حوالے سے احتیاطی تدابیر اور حکومت پنجاب کی جانب سے کئے جانے والے اقدامات کاتفصیلی جائزہ لیاگیا۔وزیراعلیٰ نے صوبے میں مانیٹرنگ اینڈ سرویلنس کو مزید موثر اور داخلی راستوں کی سخت نگرانی کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ ایئرپورٹس پر مسافروں کی سکریننگ کیلئے محکمہ صحت کا اضافہ عملہ تعینات کیاگیاہے تاہم داخلی راستوں کی بھی موثر مانیٹرنگ ضروری ہے ۔وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا کہ کرونا وائرس کی صورتحال کا جائزہ لینے کیلئے فوری طورپر کابینہ کمیٹی تشکیل دی جائے گی ،جس میں تمام سٹیک ہولڈرزشامل ہوں گے اورکمیٹی روزانہ میٹنگ کر کے صورتحال کا جائزہ لے گی اوراقدامات تجویز کرے گی۔انہوں نے کہا کہ پنجاب میں صورتحال نارمل ہے لیکن ہمیں ہمہ وقت چوکس رہنا ہوگا۔علاوہ ازیں وزیراعلیٰ نے چلڈرن ہسپتال کے نوتعمیرشدہ ایمرجنسی کے وارڈز کا دورہ کیا۔ایمرجنسی وارڈز میں زیر علاج بچوں کی عیادت کی۔وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے مریض بچوں کیلئے فراہم کی جانے والی طبی سہولتو ں کا جائزہ لیا۔وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے نوتعمیرشدہ ایمرجنسی وارڈ کے مختلف حصے دیکھے ،ایمرجنسی وارڈ کی فارمیسی کا دورہ کیااوربلڈ بنک اورآپریشن تھیٹر کا بھی معائنہ کیا۔وزیراعلیٰ نے اس موقع پر چلڈرن ہسپتال کیلئے نیا او پی ڈی بلاک بنانے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ نئے او پی ڈی بلاک کے لئے اراضی کی نشاندہی کا کام جلد مکمل کیا جائے ۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ چلڈرن ہسپتال کو یونیورسٹی آف چائلڈ ہیلتھ کا درجہ دیا جائے گا۔چلڈرن ہسپتال جیسے اداروں کی ہر شہر میں ضرورت ہے ۔بعدازاں وزیراعلیٰ نے تونسہ میں پولیو کا کیس سامنے آنے کے واقعہ پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کمشنر ڈیرہ غازی خان ڈویژن اور سیکرٹری صحت سے رپورٹ طلب کر لی ۔