لاہور(وقائع نگار) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کرونا وائرس کے حوالے سے احتیاطی تدابیر اورکیے جانے والے اقدامات کا تفصیلی جائزہ لیاگیا۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے اس ضمن میں صوبے میں تمام ضروری تیاریاں اور ممکنہ احتیاطی انتظامات کرنے کا حکم دیا۔ اجلاس میں کرونا وائرس کی تشخیصی کٹس ہنگامی طورپرمنگوانے کا فیصلہ کیاگیا۔ وزیراعلیٰ نے تشخیصی کٹس منگوانے کی منظوری دیتے ہوئے کہا کہ ایئرپورٹس پر سکیننگ کے نظام کو مزید موثربنانے کے لئے ضروری اقدامات کیے جائیں اورمتعلقہ اداروں کے ساتھ رابطے میں رہا جائے ۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدارنے پنجاب فوڈ اتھارٹی کومچھلی منڈیوں اوردیگر فوڈ پوائنٹس کی چیکنگ سخت کرنے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ مچھلی منڈیوں اوردیگر فوڈ پوائنٹس کی صفائی پر پوری توجہ دی جائے ۔محکمہ جنگلی حیات ،ماہی پروری سے متعلق اجلاس میں پنجاب بھر میں فش مارکیٹوں کے قیام کی تجویزکی اصولی منظوری دی گئی۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا کہ حکومت پنجاب ماہی پروری کے فروغ کیلئے 80 فیصد سبسڈی فراہم کرے گی۔وزیراعلیٰ نے مظفرگڑھ میں سلائن واٹرایکو کلچر ریسرچ سینٹر قائم کرنے کا فیصلہ کی منظوری دیتے ہوئے کہا کہ چشمہ بیراج، تونسہ اور ہیڈ پنجند سمیت مختلف بیراجوں پر ماہی پروری کیلئے 5 ہزار کیج قائم ہوں گے ۔اجلاس میں ماہی پروری کے فروغ کیلئے کیج فش کلچر کلسٹر ڈویلپمنٹ پروگرام شروع کرنے کا اصولی فیصلہ کیاگیا۔علاوہ ازیں وزیراعلیٰ نے سرکاری دفاتر میں ناکارہ گاڑیوں، مشینری، آلات اور دیگر سامان کو فی الفور نیلام کرنے کا حکم دیا او رچیف سیکرٹری اور انسپکٹر جنرل پولیس کو ہدایات جاری کر تے ہوئے کہا کہ پنجاب کے تمام سرکاری محکموں، ڈویڑنل کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز کو قواعد و ضوابط کے مطابق سامان کو نیلام کیا جائے ۔ادھر ملتان کیلئے اربوں روپے کے ترقیاتی پیکیج کی منظوری دینے پر وزیرخارجہ شاہ محمودقریشی،ملتان کے ارکان قومی و صوبائی اسمبلی نے وزیراعلیٰ عثمان بزدار سے اظہار تشکر کیا۔وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے وزیراعلیٰ عثمان بزدار سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ملتان کیلئے ترقیاتی پیکیج منظور کرنے پر آپ کے تہہ دل سے شکرگزار ہیں۔علاوہ ازیں اراکین اسمبلی نے بھی ملاقات کی۔ ادھر وزیراعلیٰ سے برطانیہ کے بین الاقوامی ترقی کے ادارے (ڈیفڈ)کی پاکستان میں نئی سربراہ انا بیل گیری نے ملاقات کی۔وزیراعلیٰ عثمان بزدارنے اینابیل گیری کو ڈیفڈ پاکستان کی سربراہی سنبھالنے پر مبارکباددی اوران کیلئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔