لاہور،پشاور ( جنرل رپورٹر،خبرنگار )لاہور سمیت پنجاب کے تمام سرکاری ہسپتالوں میں گرینڈ ہیلتھ الائنس پنجاب کی کال پر ایم ٹی آئی ایکٹ کے خلاف ساتویں روز بھی ہڑتال جاری رہی جس کے دوران ہسپتالوں کی تمام او پی ڈیز، پیتھالوجی لیب اور شعبہ ریڈیالوجی مکمل طور پر بند رہے ۔گرینڈ ہیلتھ الائنس نے میو ہسپتال،جنرل ہسپتال ، گنگا رام ،جناح ، سروسز، پی آئی سی ، چلڈرن اور دیگر ہسپتالوں میں احتجاجی ریلیاں اور جلسے منعقد کئے اور ایم ٹی آئی ایکٹ نامنظور صوبائی حکومت مردہ باد کے نعرے لگائے ۔لاہور جنرل ہسپتال میں فیروز پور روڈ پر احتجاجی ریلی نکالی گئی اور دھرنا دیا گیا۔ چیئر مین گرینڈ ہیلتھ الائنس پنجاب اور جنرل سیکرٹری وائی ڈی اے پنجاب ڈاکٹر سلمان حسیب چودھری نے کہا کہ آئندہ پنجاب اسمبلی کی طرف لانگ مارچ کا اعلان کیا گیا ۔ادھر خیبر پختونخوا کے ڈاکٹروں نے مطالبات منظوری میں حکومت عدم دلچسپی کے باعث اسلام آباد لانگ مارچ کرنے کا فیصلہ کیاہے ۔گرینڈ ہیلتھ الائنس کے مطابق 25 اکتوبر کو جی ایچ اے پنجاب اور وفاق کے ساتھ مشاورت کے بعد اسلام آباد کی طرف لانگ مارچ کریں گے ۔ادھر خیبر پختونخوا حکومت نے 107ہڑتالی ڈاکٹروں اور ملازمین کو شوکاز نوٹسز جاری کردیئے ۔علاوہ ازیں ایم ٹی آئی آرڈینس کے خلاف سرکاری ہسپتالوں میں ہڑتال کا معاملہ کے معاملے پرپنجاب حکومت نے سخت رویہ اپنانے کا فیصلہ کیا ہے ۔ ہڑتال میں حصہ نرسوں کی لسٹوں کی تیاری شروع کر دی گئی ۔