لاہور(وقائع نگار )وزیر اعظم کے تر جمان بر ائے تجارت وسر مایہ کاری یوکے اینڈ یورپ صاحبزادہ جہانگیر نے کہا ہے کہ ماضی کی کر پٹ حکومتوں کی وجہ سے ملک معاشی بحران کا شکار ہے ۔سر مایہ کاروں اور تاجروں کو زیادہ سے زیادہ سہولتوں کی فراہمی یقینی بنائی جائیگی۔ گور نر ہاؤس لاہور میں صوبائی وزرا صمصام علی بخاری ،میاں محمود الرشید اور ڈاکٹر اختر ملک کے ہمراہ لاہورچیمبر آف کامرس اینڈ انڈسڑی لاہور کے نائب صدرخواجہ شہزادناصر ،جنرل سیکرٹری شاہد خلیل ،ایگز یکٹو ممبر جاوید اقبال،میاں زاہد جاوید اور جمشیداقبال چیمہ سمیت دیگر صنعتکاروں اور سر مایہ کاروں سے ملاقات کے دوران گفتگو کر رہے تھے ۔ اس موقع پر گورنر پنجاب چودھری سرور بھی موجود تھے ۔ملاقات کے دوران صنعتکاروں کے وفد نے اپنے مسائل اور انکے حل کیلئے تجاویز دیں جس پر حکومتی وفد نے انکو مسائل کے حل کی یقین دہانی کروائی جبکہ وزیر اعظم کے ترجمان بر ائے تجارت وسر مایہ کاری یوکے اینڈ یورپ صاحبزادہ جہانگیرنے کہا کہ تحر یک انصاف کی حکومت کا مشن ہی ملک کو ترقی یافتہ اور خوشحال بنانا ہے جسکے لیے وزیر اعظم عمران خان کی قیادت میں حکومت دن رات کام کر رہی ہے اور ملک وقوم کے روشن مستقبل کیلئے حکومت مشکل سے مشکل فیصلے کر رہی ہے ۔